نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیانات ،

لاہور ھائیکورٹ نے توہین عدالت کی دائر درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دیدی

بدھ 16 اگست 2017 16:59

نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیانات ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے اور توہین عدالت کی دائر درخواست میں ترمیم کرنے کی اجازت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار محمدشاہد رانا ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قراردیا، نااہلی کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور تک ریلی میں عدلیہ مخالف تقاریر کیں، نوازشریف نے عدلیہ کے خلاف عوام کو اکسانے کوشش کی۔

انہوں نے استدعا کی کہ نوازشریف کو طلب کرکے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالت پیمرا کو نوازشریف کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بیانات پر پابندی لگانے کا بھی حکم دے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ توہین عدالت اور آئینی پٹیشن کی ایک ہی درخواست پر عدالت سماعت کیسے کر سکتی ہی جس پر درخواست گزار نے پٹیشن میں ترمیم کی استدعا کی ،جس پر عدالت نے پٹیشن میں ترمیم کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 18اگست تک ملتوی کر دی۔