پنجاب بھر میں قائم مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے جسٹس انورالحق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل

رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

بدھ 16 اگست 2017 16:59

پنجاب بھر میں قائم مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی جانچنے کیلئے جسٹس انورالحق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصورعلی شاہ نے پنجاب بھر میں قائم مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی جانچنے اور ان کے دائرہ اختیار میں اضافہ کے لئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انورالحق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی ہدائت پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی میں جسٹس شاہد بلال حسن اور قانون دان ظفر اقبال کلانوری شامل ہیں، نو تشکیل شدہ کمیٹی پنجاب بھر کی مصالحتی سینٹرز میں کام کرنے والے ججز کی تعیناتیوں، ترقیوں اور انہیں مراعات دینے سے متعلق سفارشات مرتب کرے گی، کمیٹی پنجاب بھر کے 37مصالحتی سینٹرزکے علاوہ لاہور چیمبر میں قائم مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے اور مصالحتی سینٹر کے دائرہ اختیار کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات مرتب کرے گی،نو تشکیل شدہ کمیٹی کی سفارش پر ضلعی عدلیہ کے مزید ایک سو ججز کی پانچ روزہ مصالحانہ تربیت پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں شروع کر دی گئی ہے، زیر تربیت ججز کو ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد نئے قائم ہونے والے مصالحتی سینٹرز میں تعینات کیا جائے گا۔