اورنج لائن میٹر و ٹرین ڈرائیور کے بغیر چلے گی ‘خواجہ احمد حسان

چین کی شنگھائی پورٹ(بندر گاہ) پر پہلی ٹرین بحری جہاز میں لوڈ کر دی گئی ہے جو 15ستمبر تک کراچی پہنچ جائے گی منصوبے کا 73فیصد تعمیراتی ،15فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورکس بھی مکمل ‘دو ہائی وولٹیج سب سٹیشن 15ستمبر تک کام کرنا شروع کرینگے

بدھ 16 اگست 2017 16:32

اورنج لائن میٹر و ٹرین ڈرائیور کے بغیر چلے گی ‘خواجہ احمد حسان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین مکمل طور پر آٹومیٹک ہوگی جو ڈرائیور کے بغیر چلے گی ، چین کی شنگھائی پورٹ(بندر گاہ) پر پہلی ٹرین بحری جہاز میں لوڈ کر دی گئی ہے جو 15ستمبر تک کراچی اور اگلے ماہ تک کے آخر تک لاہور پہنچ جائے گی ، بجلی سے ٹرین چلانے کے لئے ملتان روڈ پر شاہ نور سٹوڈیو اورجی ٹی روڈ پر انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب دو ہائی وولٹیج سب سٹیشن15ستمبر تک کام کرنا شروع کردیں گے ، ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون میں عدالتی حکم امتناعی کے باعث روکے گئے مقامات کے علاوہ تمام دستیاب جگہ پر تعمیراتی کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈپٹی میئرنذیر خان سواتی ‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو112 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 73فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا85.6 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 53فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 78.4فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 74.3فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔اس کے علاوہ منصوبے کا 15فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔

خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی کہ میٹرو ٹرین کیہر سٹیشن پر ایک علیحدہ اور مکمل پراجیکٹ کے طور پر کام کیا جائے اوراس مقصد کے لئے ہر سٹیشن پرخصوصی ٹاسک فورس تعینات کی جائے ۔ تمام سٹیشنوں پر کام مکمل کرنے کی حتمی تاریخوں کا تعین کیا جائے اور ان سٹیشنوں پر بنائے جانے والے ایکوپمنٹ رومز ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حاجی کیمپ نکلسن روڈ سے براستہ چوبرجی شام نگر دریائے راوی تک نئی بنائی جانے والی ڈرین کا تعمیراتی کام میکلوڈ روڈ پر جاری ہے ۔

اس علاقے میں کام ایک ماہ میں مکمل کر لیاجائے گا ۔ علی ٹائون سے چوبرجی تک ٹریفک کی بلارکاوٹ آمد ورفت یقینی بنانے کے لئے 191ٹریفک وارڈن تعینات کر دیئے گئے ہیں جو تین شفٹوں میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔میٹرو ٹرین کے روٹ پر تعمیر کی جانے والی فٹ پاتھوں پر ہر چار سو میٹر کے فاصلے پر کوڑا کرکٹ کا سکپ رکھنے کے لئے خصوصی انکلیو تعمیر کئے جائیں گے ۔ نیسپاک نے ان انکلیو کا ڈیزائن تعمیر کر لیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :