حکومت پنجاب کی جانب سے ہفتہ صحت پروگرام کامیابی سے جاری ہے،فہیم فاضل

بدھ 16 اگست 2017 16:10

اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) حکومت پنجاب کی جانب سے ہفتہ صحت پروگرام اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل میں انتہائی کامیابی سے جاری ہے پروگرام کے فوکل پرسن فہیم فاضل نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پروگرام کے پہلے روز تحفظ صحت کے کیمپ میں رجسٹریشن سے لے کر طبی علاج تک 8مرحلوں جس میں ہیپاٹائٹس ، ایچ آئی وی ، ملیریا، ٹی بی ، دمہ ، سانس اور بچے اور ماں کی صحت سے متعلق مرد و خواتین سمیت 963ٹوکن جاری ہوئے جس میں سے 536مریض طبی سہولت سے مستفید ہوئے ایک روزہ طبی معائنے میں 34مریض ہیپاٹائٹس سی کے ، 19مریض ٹی بی کے اور 7مریض ہیپاٹائٹس بی کے سامنے آئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے جہاں تشخیص کیمپ لگائے ہیں اس مقام پر متعلقہ بیماریاں کے ڈاکٹرز اور ماہرین او پی ڈی سے باہر لے کر آ ئے ہیں تا کہ مریض کو ہسپتال جانے کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کالے یرقان جس کا انجکشن عام آدمی کی رسائی سے بھی باہر ہے جس کی قیمت ساڑھے چھ ہزار روپے بنتی ہے مستحق مریضوں کو مفت مہیا کیا جائے گا لیکن یہ انجکشن ٹیسٹ کے تین روز بعد لگا یا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں ہمارے کائونٹر پر خاطر خواہ رش رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پروگرام کے حوالے سے جس پر حکومت پنجاب نے 1بلین روپے کی رقم مختص کی ہے میں سمجھتا ہوں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ اقدام کو اٹھا کر غریب کی زندگی کے دن بڑھا دیئے ہیں کیونکہ غریب بیماری میں مبتلا ہو کر ڈاکٹر کے لکھے ہوئے ٹیسٹ کروانے کی سکت نہیں رکھ سکتا تھا تو علاج کس بنیاد پر کرواتا سینکٹروں لوگوں کی منہ سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس پروگرام پر غریب کی طرف سے دی گئی دعائیں سننے میں آئیں فہیم فاضل نے کہا کہ بنیادی طور پر آپ کو 8امراض کا نتیجہ مل جاتا ہے اس کے بعداسی ہسپتال میں ادویات بھی حاصل ہو ں گی کیونکہ حکومت پنجاب نے ادویات کی مد میں اسفند یار شہید ڈسٹرکٹ ہسپتال کابجٹ ڈھائی کروڑ روپے سے بڑھا کر ساڑھے آٹھ کروڑ روپے کر دیا ہے جبکہ توقع ہے کہ اس مالی سال میں مزید بڑھا دیا جائے گا تا کہ کسی دوائی لینے والے مریض کی جیب پر اضافی بوجھ نہ پڑے ۔

فہیم فاضل نے مزید بتایا کہ 2009سے لے کر 2017تک 4776سے زائد ہیپاٹائٹس بی،سیمریضوں کا علاج اسی ہسپتال میں ہوا ہے جس میں 4326 ہیپاٹائٹس سی کے مریض تھے جبکہ 450مریض ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا تھیاللہ کا شکر ہے کہ ہم 4000مریضوں کوشفایاب کر چکے ہیں یہ اعدادو شمار وزیر اعلیٰ پنجاب کے موجودہ پروگرام سے ہٹ کر ہیں انہوں نے کہا کہ اب بھیہیپاٹائٹس کے خون کے نمونے آئی پی ایچ لاہور روانہ کر دیئے جاتے ہیں جہاں سے انہیں گھر پر ادویات کا پارسل ٹی سی ایس کے ذریعے پہنچ جاتا ہے۔

اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے تین رکنی ٹیم نے اسفند یار ہسپتال کا دورہ بھی کیا پورے ہسپتال کے نظام کا بغور جائزہ لیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ڈاکٹروں کی مریضوں پر توجہ ، ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی موجودگی اور تمام ادویات کی موجودگی کو پا کر اطمینان کا اظہار کیا۔

3رکنی ٹیم نے ہسپتال کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا ایم ایس نے بتایا کہ پنجاب کے دیگر گورنمنٹ ہسپتالوں میںشیخوپورہ کے بعد دوسرا نمبر اسفند یار ہسپتال کو دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میری ہی کامیابی نہیں بلکہ سوئیپر سے لے کر اعلیٰ افسر تک ان کی محنت اور لگن شامل ہے انہوں نے بتایا کہ اٹک ہسپتال کی تزین و آرائش کا مقصد پیسے کا ضیاع نہیں بلکہ دنیا کے تمام ہسپتالوں میں جہاں مریض آتے ہیں ان کی سہولیات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہسپتال کے ماحول میں تبدیلی لائی جاتی ہے تا کہ مریض یا اس کے لواحقین پر یہ چیز اثر انداز ہو کہ وہ ایک میعاری اور صاف ستھرے ہسپتال میں اپنے مریض کو داخل کروا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 400,400کے وی اے کے ٹرانسفارمر جلد ہی مہیا کیے جا رہے ہیں تا کہ مریضوں کے کمروں اور وارڈوں کو ٹھنڈا ماحول میسر ہو سکے ۔

متعلقہ عنوان :