اقتصادی راہداری منصوبہ: بیرونی سرمایہ کاری میں9فیصد اضافہ سے معیشت مستحکم ہوگی ، افتخار بشیر

گزشتہ سال کے مقابلہ میں جولائی 2016سے جون2017تک 2.157ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملک کے اندر نئی صنعتوں کے قیام سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا،صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن

بدھ 16 اگست 2017 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیر نے کہا ہے کہ مثبت معاشی اصلاحات اور اقتصادی راہداری منصوبہ کے باعث ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں9فیصد اضافہ سے معیشت مستحکم ہوگی ،ملک میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے صنعتکاروں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معاشی پیش رفت دوسرے ملکوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہی ہے۔سی پیک ،اقتصادی زونزکے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگانیز سرمایہ کاری کیلئے بہترین6ممالک میں پاکستان کا نام شامل ہونے سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال کے مقابلہ میں جولائی2016تاجون2017ء تک 2.157 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ۔جبکہ اس سے پیوستہ سال میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم1.976ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا سب سے زیادہ سرمایہ کاری چین کی جانب سے ہوئی انہوںنے کہا کہ چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور منصوبہ کی راہ میں انڈسٹریل زونز کے قیام سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کا رخ پاکستان کی طرف ہوگیا ہے ۔

اور دنیا بھر سے بڑی بڑی اور معروف کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کررہی ہیں ۔ سرمایہ کاروں کیلئے بہترین ماحول کی فراہمی سے ملک کے اندر غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ حکومتی پالیسیوں پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد کا مظہر ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملک کے اندر نئی صنعتوں کے قیام سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور اس سے نہ حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا بلکہ پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

متعلقہ عنوان :