خواتین کو گھریلو صنعت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے خواتین کے لیے علیحدہ انڈسٹر یل زون بنائے جائیں ‘سیدہ سعید بانو

خواتین ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار مگر انہیں تجارت وصنعت میں بے شمار مسائل کا سامنا ہے ‘ خصوصی اجلاس سے خطاب

بدھ 16 اگست 2017 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) خواتین ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں مگر خواتین کو تجارت اور صنعت میں بے شمار مسائل کا سامنا ہے ، خواتین کو گھریلو صنعت میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے خواتین کے لیے علیحدہ انڈسٹر یل زون بنائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) قائمہ کمیٹی برائے ’’وومن انٹرپرینیورز‘‘ کی چیئرپرسن سیدہ سحر شاہ اورقائمہ کمیٹی برائے وومن سپورٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کی چیئر پرسن سیدہ سعیدہ بانو نے -’’خواتین میںکاروبار فروغ دینے کی صلاحیت کی تعمیر ‘‘ کے حوالے سے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کے حوالے سے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں،حکومت خواتین کے لیے علیحدہ انڈسٹر یل زون بنانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی ،لاہور، پشاور، اسلام آباد اور دیگر بڑے شہروں میں خواتین کے لیے الگ انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائیںتاکہ وہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ خواتین کے پاس تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض خواتین سیاسی مقاصد کے لیے تمام خواتین کا غلط تاثر پیش کر رہی ہیں۔ خواتین اپنی عزت اور ناموس کی حفاظت کرنا جانتی ہیں اور پاکستان میں خواتین کو ہر جگہ عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنف نازک اپنے کردار میں اگر مضبوط ہو توکوئی اس کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عورتوں کی مخصوص نشستوں پر کاروباری خواتین کو اپنی صلاحتیں اجاگر کرنے کا موقع دیں۔

پاکستان کی خواتین کسی طرح بھی صلاحتوں میں دوسرے ممالک کی خواتین سے کم نہیں ہیں۔ انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور نئی ٹیکنالوجی متعارف کئے بغیر ملکی معیشت کو مستحکم نہیں کیا جا سکتا۔انہوںنے مزید کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی غربا کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہے جس کی وجہ سے عدم مساوات،امتیازی سلوک،قرضہ کی سہولتوں کا فقدان،ملکوں کے مابین تجارت کے بجائے مخالفت پر زور اور ارباب اختیار کی عدم دلچسپی ہے۔ کسی بھی ملک کی صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے ایس ایم ایزکی اہمیت کو کبھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ اندرونی اور بیرونی مشکلات کے باوجود ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے موثر کردار ادا کیا ہے۔