چینی قونصل جنرل کی سندھ سرمایہ کاری بورڈ کی چیئرپرسن سے ملاقات

بدھ 16 اگست 2017 15:09

چینی قونصل جنرل کی سندھ سرمایہ کاری بورڈ کی چیئرپرسن سے ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل وینگ یو نے بدھ کو سندھ سرمایہ کاری بورڈ کی چیئر پرسن ناہید میمن سے ایس بی آئی آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئر پرسن ناہید میمن نے قونصل جنرل کو چائینیز این ڈی آر سی کے ڈائریکٹر جنرل سے ہونے والی اپنی ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے بتایا کہ سی پیک کے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کے مابین صنعتی تعاون کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اس سلسلے میں چینی اور پاکستانی سرمایہ کار کمپنیوں کے درمیان تعلقات اور رابطوں کو بڑھانے کے لئے سندھ سرمایہ کاری بورڈ نے رواں سال اکتوبر کی 17اور18 تاریخ کو کراچی میں بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ کانفرنس چین پاکستان اقتصادی راہداری کے صنعتی تعاون کے مرحلے کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کانفرنس میں چینی تھنک ٹینک اور دانشوروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی ماہرین، سرمایہ کاروں اور فیکلٹی اراکین کے درمیان مکالمے کے سیشن بھی رکھے جائیں گے تا کہ سی پیک کے بارے زیادہ سے زیادہ معلومات اجاگر ہو سکیں۔ اس سلسلے میں سپیشل اکنامک زونز کے بارے میں روڈ شو کے ذریعے بھی سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔ چیئرپرسن نے چینی قونصل جنرل کو دھابے جی سپیشل اکنامک زون کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چینی قونصل جنرل نے چیئرپرسن ایس بی آئی کی کاوشوں کو سراہا اور بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :