سیاسی مفادات کیلئے محکمہ تعلیم میں ملازمتوں کی فراہمی کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے‘وزیر تعلیم

محکمہ تعلیم میں میرٹ پر آزادکشمیر کے پڑھے لکھے اور با صلاحیت نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی‘بیرسٹر افتخار علی گیلانی

بدھ 16 اگست 2017 15:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ سیاسی مفادات کیلئے محکمہ تعلیم میں ملازمتوں کی فراہمی کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا ہے جو میرٹ پر آئے گا اسے ملازمت ملنے سے کوئی نہیں روک سکتا این ٹی ایس کے نفاذ سے سیاسی بے روزگاروں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں محکمہ تعلیم میں میرٹ پر آزادکشمیر کے پڑھے لکھے اور با صلاحیت نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی سفارش ، رشوت ، اقربا پروری ، سیاسی وابستگیوں کے بغیر ریاست کے عوام کو محکمہ تعلیم میں ملازمت کے برابری کی سطح پر مواقع میسر آرہے ہیں آزادکشمیر کی آئندہ نسلوں کو میعاری تعلیم کی فراہمی کیلئے مواقع میسر کرنے کیلئے موجود ہ حکومت نے اصلاحات کی ہیں محکمہ تعلیم سے شروع ہونیوالا یہ سلسلہ دیگر محکموں تک پھیلے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں سیاسی مداخلت ، اقربا پروری ، من پسند افراد کی تقرریوں ، میرٹ کی پائمالیوں کی وجہ سے محکمہ تعلیم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا تھا موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کے عوام کو میعاری تعلیم کی فراہمی کا تہیہ کر رکھا ہے ریاست کے مستقبل کو ان پڑھ ، جاہل افراد کے ہاتھوں کسی صورت تباہ نہیں ہونے دینگے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن نے عوام سے میعاری تعلیم کی فراہمی کا جو وعدہ کیا اسے پورا کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے کوئی مفادات نہیں ریاست کی عوام کی بہتری کیلئے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے عوام نے منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا ہے عوام کو مایوس نہیں کرینگے جو وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کر کے دکھاتے ہیں آزادکشمیر میں اداروں کی تباہی ، چہیتوں کو نوازنے کیلئے میرٹ کی دھجیاں اڑانے والوں کا جو حشر عوام نے بنایا وہ سب کے سامنے ہے -