اقامے کی بروقت تجدید نہ کروانے پر جرمانے میں اضافہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 اگست 2017 14:41

اقامے کی بروقت تجدید نہ کروانے پر جرمانے میں اضافہ
ریاض (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2017ء)محکمہ پاسپورٹ نے واضح کیا ہے کہ رشتہ دار گھریلو ملازم ایک دوسرے کو عاریتاً دے سکتے ہیں۔ اسکی اجازت ہے مگر مقیم غیر ملکی کے شناختی کارڈ (اقامہ) کی تجدید اس کے ختم ہونے سے 3روز قبل ضروری ہے۔محکمہ پاسپورٹ نے توجہ دلائی کہ مقیم غیر ملکیوں کے زیر کفالت گھریلو عملے ، مرافقین او رتابعین کی فیس نجی اداروں کے غیر ملکی کارکنان ہی کو دینا ہوگی۔

یہ فیس مقیم غیر ملکی کے اقامے کی تجدید اور خروج و عودہ ویزے کے اجراءسے قبل وصول کی جائیگی۔ محکمہ پاسپورٹ نے جی سی سی ممالک کے درمیان قومی شناختی کارڈ رکھنے والوں کی آمد ورفت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جس شخص کے پاس بھی قومی شناختی کارڈ ہو اور وہ 3ماہ سے زیادہ مد ت کیلئے موثر ہو وہ خلیج کے کسی بھی عرب ملک ویزے اور پاسپورٹ کے بغیر سفر کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ مقیم غیر ملکی کے اقامے کی تجدید کے لئے وقت کے حوالے سے کوئی مہلت نہیں۔تمام غیر ملکی تارکین اقامہ ختم ہونے سے 3دن پہلے تجدید کرالیں۔ تاخیر پر پہلی بار 500 اوردوسری بار ایک ہزار ریال وصول کئے جائیں گے۔ سعودی شہری کوقومی شناختی کارڈ کے بغیر پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائیگا۔بیرون مملکت سفر کرنے والے ہر سعودی کو پاسپورٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔