پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، شیخ زید بن سلطان النہیان کے ورثے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے

صدر مملکت ممنون حسین کی متحدہ امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا النعیمی سے بات چیت

بدھ 16 اگست 2017 14:29

پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، شیخ زید بن سلطان النہیان کے ورثے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات متحدہ امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا النعیمی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ہدف تھا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔جلد ہی اس فتنے کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ اس کے بعد ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار تیز ہوجائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک امارات تعلقات امارات کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کا شاندار ورثہ ہیں جس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیخ زید بن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے، مجھے خوشی ہے کہ ان کے جانشین شیخ راشد بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دونوں برادر ملکوں کے درمیان مزید قربت اور گرم جوشی پیدا کررہے ہیں۔ انہوں سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے شاندار خدمات انجام دیں، وہ توقع کرتے ہیں کہ ان کے جانشین بھی انہی خطوط پر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ امارات کی قیادت تک ان کا خیر سگالی اور نیک تمنائوں کا پیغام پہنچا دیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں شاندار تعاون ہورہا ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کی صلاحیت اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکیں۔