آئی سی سی نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مدد کیلئے بین الاقوامی سکیورٹی کمپنی سے 3 سالہ معاہدہ کرلیا ‘ نجم سیٹھی

مذکورہ ٹیم ہر سال پاکستان کا دورہ کرکے سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی ،ٹیم کو 4 لاکھ امریکی ڈالر دئیے جائیں گے فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز کا ایک نمائندہ بھی سکیورٹی کمپنی کے ساتھ لاہور آکر سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گا ‘ چیئرمین پی سی بی

بدھ 16 اگست 2017 14:25

آئی سی سی نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مدد کیلئے بین الاقوامی سکیورٹی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مدد کے لیے بین الاقوامی سکیورٹی کمپنی سے 3 سالہ معاہدہ کرلیا ہے،مذکورہ ٹیم ہر سال پاکستان کا دورہ کرے گی اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے لیے ٹیم کو 4 لاکھ امریکی ڈالر دئیے جائیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مذکورہ سکیورٹی کمپنی رواں ماہ اگست کے آخر میں یا پھر آئندہ ماہ ستمبر کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور ملک میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ سکیورٹیکمپنی برطانیہ، نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات میں موجود ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی شہرت اچھی ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے ایک مثبت قدم ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز کا ایک نمائندہ بھی اس سکیورٹی کمپنی کے ساتھ لاہور آئے گا جو ذاتی طور پر سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گا۔پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین نے بتایا کہ یہ ایک چار روزہ دورہ ہوگا جس میں سکیورٹی کمپنی حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر سکیورٹی کا جائزہ لے گی جبکہ پاکستان سپر لیگ دیکھنے کے لیے آنے والے مختلف ممالک کے سکیورٹی ماہرین کی سفارشات کی حکومت کے معیاری آپریٹنگ کے طریقہ کار میں شمولیت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ مذکورہ ٹیم ہر سال پاکستان کا دورہ کرے گی اور سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے لیے ٹیم کو 4 لاکھ امریکی ڈالر دئیے جائیں گے، یوں اس ٹیم کو تین سال کی مدت میں کل 12 لاکھ ڈالر دئیے جائیں گے۔سکیورٹی کمپنی کی رپورٹ کی بنیاد پر پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد کی منظوری دی جائے گی جس میں بین الاقوامی کرکٹرز بھی حصہ لیں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی سی اے کے نمائندے کو اس ٹیم میں شامل کرنے کا مقصد تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پاکستان کے حوالے سے خدشات دور کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے غیر ملکی سکیورٹی ماہرین کی سفارشات کو حکومت پنجاب کی ایس او پی میں شامل کر لیا گیا ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لیے آنے والے سکیورٹی وفود میں سری لنکا کا وفد بھی شامل تھا جس نے پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات پر مثبت رپورٹ پیش کی جس کے بعد سری لنکا کے بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ہونے والی سریز کے مختصر دورے کے لیے پاکستان آنے پر رضا مندی ظاہر کی۔