سندھ ہائی کورٹ کا نیب کوسندھ میں انکوائری جاری رکھنے کا حکم مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی

ان ارکان اسمبلی کی فہرست فراہم کی جائے جنہوں نیب کی منظوری میں ووٹ دیا، جن ارکان سندھ اسمبلی کے خلاف نیب میں انکوائری جاری ہے انکی فہرست بھی پیش کی جائے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ

بدھ 16 اگست 2017 14:12

سندھ ہائی کورٹ کا نیب کوسندھ میں انکوائری جاری رکھنے کا حکم مزید سماعت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2017ء) سندھ ہائیکورٹ نے نیب آرڈیننس کے خاتمے کے خلاف درخواست کی سماعت پر نیب کو اراکین سندھ اسمبلی اور بیوروکریٹس کے خلاف انکوائری جاری رکھنے کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے تک نیب انکوائری جاری رکھے لیکن حتمی رپورٹ پیش نہ کرے۔

(جاری ہے)

بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمدعلی شیخ نے سماعت کے دوران حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی فہرست فراہم کی جائے جنہوں نیب کی منظوری میں ووٹ دیا اور جن ارکان سندھ اسمبلی کے خلاف نیب میں انکوائری جاری ہے انکی فہرست بھی پیش کی جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت سندھ اسمبلی کواس بل کی منظوری کااختیارہے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ اسکامطلب ہے وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ پرتالے ڈال دیں۔انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالتیں، اینٹی نارکوٹکس کورٹ پر بھی تالے ڈال دیں۔واضح رہے کہ اپوزیشن رہنمائوں نے درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نیب آرڈیننس کالعدم قراردیاجائے اور الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے وزراء اورمشیر کرپشن میں ملوث ہیں۔سندھ ہائیکورٹ نے مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔