سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لائی جائے- کیس میں آخری حد تک جائیں گے اور شریف برادران کو پھانسی ہو گی۔طاہرالقادری

نوازشریف کہتے ہیں 70 سال سے تماشا لگا ہوا ہے ‘ نوازشریف صاحب 35 سال سے تو آپ نے تماشا لگا رکھا ہے‘ اقتدار سے اپنے خاندان کو خوشحالی دی، ووٹ کا تقدس بحالی کی بات کرنے والوں نے چھانگا مانگا سیاست پاکستان میں متعارف کروائی۔ نوازشریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں اور صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، دنیا کی کوئی طاقت انہیں پھانسی کے پھندے سے نہیں بچا سکتی۔ لاہور احتجاجی دھرنے سے خطاب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 اگست 2017 13:28

سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لائی جائے- ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2017ء) لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد پاکستان عوامی تحریک نے مال روڈ کے بجائے ڈی سی روڈ پردھرنا جاری ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے، کوئی ایسا اقدام نہیں کریں گے جس سے عوام کا راستہ بند ہواوراسے تکلیف ہو، دھرنا مال روڈ کے بجائے ڈی سی روڈ پرناصرباغ کے قریب کیا جارہا ہے -پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں آخری حد تک جائیں گے اور شریف برادران کو پھانسی ہو گی۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ آج مال روڈ پر بیٹھ کر ثابت کر دیا کہ 17 جون کے شہدا تنہا نہیں، ان لے لواحقین کو نا تو خریدا نہیں جا سکتا ہے اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت انہیں ڈرا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں چور تو پکڑا گیا مگر 14 بے گناہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والا قاتل ابھی باقی ہے جس کا نام شہباز شریف ہے اور نوازشریف کے پیچھے اصل قوت شہبازشریف کا پنجاب میں اقتدارہے۔

طاہر القادری نے کہاکہ نوازشریف کہتے ہیں 70 سال سے تماشا لگا ہوا ہے مگر میں کہتا ہوں کہ نوازشریف صاحب 35 سال سے تو آپ نے تماشا لگا رکھا ہے، 30 سال سے اقتدار کر کے اپنے صرف خاندان کو خوشحالی دی، آپ کہتے ہیں میں ووٹ کا تقدس بحال کرانا چاہتا ہوں مگر پہلے یہ بتائیں پامال کس نے کیا، آپ نے ہی چھانگا مانگا سیاست پاکستان میں متعارف کروائی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 80 کی دہائی میں ایم پی ایز اور ایم این ایز کی بولیاں لگائیں، صدر سے مل کر بے نظیرکی حکومت ختم کروائی، ابھی نواز شریف پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اور بعد میں شہباز شریف پوچھیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، دنیا کی کوئی طاقت انہیں پھانسی کے پھندے سے نہیں بچا سکتی۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ انقلاب کا نعرہ لگانے پر نوازشریف کو شرم آنی چاہیے، 17 جون کو لاشیں گرانے والے کس منہ سے انقلاب کی بات کرتے ہیں، آپ وزیراعظم بن کر اسلام آباد چلے گئے اور کرپشن کے لیے بھائی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنا گئے اور اب آئین سے امانت دیانت کی ساری شقیں ختم کرنا چاہتے ہیں جب کہ آپ کا انقلاب نواز شہباز بچاﺅ انقلاب ہے مگر نواز شریف ابھی تو انصاف کی پہلی کھڑکی کھلی ہے، دروازہ اور راستہ ابھی کھلنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ اشرافیہ نے ملک کو لوٹ لیا ہے، مگر میں کہتا ہوں کہ شہبازشریف صاحب، اشرافیہ تو آپ کا خاندان ہے جس نے ملک کو لوٹا ہے۔ طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے خود کہا تھا کہ باقرنجفی کمیشن رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو ذمہ دار قرار دیا گیا تو میں حکومت چھوڑ دوں گا، اگر وہ ذمہ دار نہیں تو رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لاتے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد فیصل آباد میں احتجاجی دھرنے ہوں گے جس کے بعد ملتان اور راولپنڈی میں بھی ریلیاں نکالیں گے۔اس سے قبل لاہورہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس مامون الرشید نے پاکستان عوامی تحریک کے مال روڈ پردھرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے دھرنا شرکا کی جانب سے ضلعی حکومت کو دھرنے کے لیے دی جانے والی درخواست اوراس کی تیاریوں کی تصاویرعدالت میں پیش کردی، انہوں نے کہا کہ دھرنے کے لیے رات درخواست دی گئی، دھرنا شرکا لا اینڈ آرڈر کی صورت حال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

عدالت نے عوامی تحریک کے وکیل سے استفسارکیا کہ یہ دھرنا کہیں پاکستان عوامی تحریک کے امیدوارکی الیکشن مہم تو نہیں، دھرنا کتنے وقت کے لیے دیا جا رہا ہے، جس پرپی اے ٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ سیاسی دھرنا نہیں، اس میں ماڈل ٹاو¿ن کے شہدا کے ورثا شامل ہیں، دھرنا دو، تین گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے، جس پر جسٹس مامون الرشید نے کہا کہ جناب آپ ایک وقت بتادیں۔

سماعت کے دوران عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ مال روڈ کے تاجر، پاکستان عوامی تحریک اور ایڈووکیٹ جنرل معاملہ طے کریں کسی نتیجے پر پہنچ گئےتو ٹھیک ورنہ عدالت فیصلہ کرے گی۔قبل ازیںلاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیخلاف دھرنے کا اعلان کیا تھا عوامی تحریک یہ دھرنا سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیخلاف دے رہی ہے۔ استنبول چوک کے قریب پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔

کرسیوں، پنکھوں، جنریٹر اور ساﺅنڈ سسٹم سمیت دیگر سامان کے بعد طاہرالقادری کا خصوصی کنٹینر بھی پہنچا دیا گیاہے۔ شیخ رشید بھی دھرنے میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ( ق) نے بھی دھرنے کی حمایت کر دی ہے۔ ترجمان عوامی تحریک نے کہا کہ دھرنے کے شرکاءکو تحفظ دینا انتظامیہ کی ذمے داری ہے، یوتھ ونگز کی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں جو سیکورٹی فراہم کریں گی۔

پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق دھر نے میں شرکت کیلئے خواتین کو دعوت دی گئی ہے جبکہ شیخ رشید کے علاوہ منظور وٹو، قمرزمان کائرہ، ثمینہ خالد گھرکی، ناہید خان اورڈاکٹر یاسمین راشد بھی دھرنے کا حصہ ہوں گے۔دھرنے سے طاہر القادری شام 7بجے خطاب کریں گے، دھرنا رات بھر جاری رہے گا اور اس کے خاتمے کا فیصلہ دوسرے دن کیا جائے گا۔علاوہ ازیں پاکستان عوامی تحریک کے راہنما خرم نواز گنڈا پور کا کہنا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے ورثا کی طرف سے دھرنا شیڈول کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھرنے کا مقام ممنوعہ علاقہ سے باہر ہے، عدالت نے کوئی حکم امتناع جاری نہیں کیا۔خرم نواز گنڈا پور کے مطابق طاہر القادری شہداءکے ورثاءسے اظہار یکجہتی کے لیے جائیں گے، احتجاج کا حق آئین وقانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے استعمال کیا جائے گا۔
سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لائی جائے- ..