Live Updates

الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں سماعت روکنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست خارج کرتے ہوئے 7ستمبر تک پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 اگست 2017 13:28

الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں سماعت روکنے سے متعلق تحریک انصاف ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست۔2017ء) الیکشن کمیشن نے غیرملکی فنڈنگ کیس میں سماعت روکنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست خارج کرتے ہوئے 7ستمبر تک پارٹی اکاﺅنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے پارٹی فنڈنگ سے متعلق تمام تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے تک کیس کی سماعت روکنے کی استدعا کی تھی۔

تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں 5 رکنی کمیشن نے کی۔الیکشن کمیشن نے نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات دینے کی یہ آخری مہلت ہے۔الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے فنڈز کی تفصیلات مانگ رکھی تھیں لیکن پی ٹی آئی نے2سال سے الیکشن کمیشن کو اکاﺅنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے کہا تھاکہ پی ٹی آئی والے تفصیلات دینے کے بجائے ہر بار نئی درخواست لے کر آجاتے ہیں ، پی ٹی آئی تفصیلات دےدے تو معلوم ہو جائےگا ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ لی یا نہیں، ہر کچھ دن گزرنے پرنئی درخواست دے کرتفصیلات سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل نے درخواست کی تھی کہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے،الیکشن کمیشن کارروائی روک دے۔الیکشن کمیشن سپریم کورٹ میں فریق ہے جہاں پی ٹی آئی نے جواب داخل کرادیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ آپ الیکشن کمیشن کوکارروائی سے روکنے کی استدعاسپریم کورٹ میں کردیتے توبہترہوتا،جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں تو سپریم کورٹ میں درخواست دے دی جائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات