ملک بھر کی طرح رحیم یار خان میں بھی یوم آزادی پاکستان شایان شان انداز سے منایا گیا

منگل 15 اگست 2017 23:31

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) ملک بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی یوم آزادی پاکستان شایان شان انداز سے منایا گیا، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم آزادی کی مرکزی تقریب شیخ خلیفہ پبلک سکول میں منعقد ہوئی،تقریب میں ایم این اے میاں امتیاز احمد، ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا،ڈی پی او ذیشان اصغر، ایم ہی اے سیٹھ کانجی رام ،چیئرمین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری، چیئر مین میونسپل کمیٹی میاں اعجاز عامر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو مہر خالد احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعتزاز انجم، اسسٹنٹ کمشنرز ڈاکٹر عدنان خان بھٹانی، ریاست علی،سی ای اوز ہیلتھ ڈاکٹر مخدوم بشارت حسین ہاشمی،ایجوکیشن ملک مختار احمد،ضلعی صدر مسلم لیگ ن میاں خالد شاہین، وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجینئر اطہر محبوب ، ایم پی اے محمد عمر جعفر کے نمائندہ چوہدری زاہد گجرسمیت ضلعی افسران ،منتخب بلدیاتی نمائندوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے آغاز پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ 9بجے ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے ارکان اسمبلی ، ممبران ضلع کونسل ودیگر کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔اس موقع پر پولیس،سکائوٹس، ریسکیو1122اور سول ڈیفنس کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ شیخ خلیفہ آڈیٹوریم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں سکول فار سپیشل پرسنز،دانش سکول، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین،خواجہ فرید کالج، گورنمنٹً سکولز سمیت دیگر تعلیمی اداروں اور جمناسٹک کلب کے بچوں نے اپنی خوبصور ت صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے وطن عزیز کے لئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

مرکزی تقریب میں شہداء پاکستان، سماجی شخصیات عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر رتھ پفائوکی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرسقراط امان رانا نے کہا کہ یوم آزادی کا دن قومی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینے اور جس پرچم کے سامنے ہم لوگ کھڑے ہیں اس کی توقیر میں اضافے کا دن ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ہم محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کے سنہری اصول اپنا کر ارض پاک کو حقیقی معنوں میں قائد اعظم اور علا مہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے جس کے لئے ہمارے بزرگوں، مائوں، بہنوں اور بیٹیوں نے لازوال قربانیاں دیں،چیئر مین ضلع کونسل سردار اظہر خان لغاری نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے ،آج کے دن ہمارے نوجوان بچوں نے جس طرح اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کیلئے ہماری نوجوان نسل مکمل طور پر تیار ہے، ہمیں بس انہیں مواقع فراہم کرنے ہیں۔

تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ذیشان اصغر نے کہا کہ پاکستان ہمشہ قائم ودائم رہنے کے لئے بنا ہے اور اس کی توقیر میں اضافہ کے لئے ہمیں اپنی نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے ،تقریب سے ضلعی صدر مسلم لیگ ن میاں خالد شاھین، چیئر مین میونسپل کمیٹی میاں اعجاز عامر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا ، ایم این اے میاں امتیاز احمد، ایم پی اے کانجی رام، ڈی پی او ذیشان اصغر سمیت دیگر مہمانوں نے حکومت کی جانب سے اقلیتی برادری میں امدادی چیک تقسیم کئے،بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے یوم آزادی تقریبات کے بہترین انعقاد و انتظامات سمیت اس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹس اور مہمانوں و افسران میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :