سیالکوٹ میں 15سے 19اگست تک ہیلتھ ویک سیلیبریشن کا انعقاد کیا جارہا ہے،ڈپٹی کمشنر

منگل 15 اگست 2017 23:31

سیالکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلع سیالکوٹ میں 15سے 19اگست تک ہیلتھ ویک سیلیبریشن کا انعقاد کیا جارہا ہے، اس سلسلہ میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ‘ ہیلتھ ویک سیلیبریشن کے انعقاد کا مقصدمعاشرے میں بیماریوںکی سیکریننگ کرکے ان کے سدباب کیلئے حکمت عملی مرتب کرنا ہے ‘ ضلع سیالکوٹ میں شروع کئے جانے والے ہیلتھ ویک کے دوران چاروں ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے علاوہ 3دیہی اور 5بنیادی مراکز صحت پر میڈیکل کیمپ لگادیئے گئے ہیں جہاں پر مختلف بیماریوں کی تشخیص کیلئے ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس سٹاف کی نگرانی میں ڈیسک قائم کردیئے گئے ہیں یہ کیمپس19اگست تک فعال رہے گے جہاں پر آنے والے مریضوں کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی جائے گی اور علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ، یہ بات انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈسکہ میں فری میڈیکل کیمپ کے معائنہ کے دوران بتائی، رکن قومی و صوبائی اسمبلی سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ ، آصف باجوہ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ راؤ سہیل اختر بھی موجود تھے ، ڈی سی نے بتایا کہ اس ہفتہ کے دوران مریضوں کا ڈیٹا پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر ڈال دیا جائے گا اور مریضوں کا مکمل فالو اپ رکھا جائے گا، انہوں نے کہاکہ میڈیکل کیمپس میں حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کی بھی رجسٹریشن کی جائے گی اور مختلف بیماریوں کے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جائے گی ۔