حضرت لعل شہباز قلندر اور شاہ نورانی پر ہونے والے بم دھماکے ہمارے لیے چیلنج تھے، معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

اس وقت سندھ کے تمام درگاہوں کی سکیورٹی سخت کی گئی ہے، سی سی ٹی کیمرے اور واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں

منگل 15 اگست 2017 23:26

حضرت لعل شہباز قلندر اور شاہ نورانی پر ہونے والے بم دھماکے ہمارے لیے ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2017ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف سید غلام شاہ نے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت دیگر شہدا کے مزاروں پر حاضری دے کر فاتح خوانی کی پھولوں کے چادر چڑھائیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت لعل شہباز قلندر اور شاہ نورانی پر ہونے والے بم دھماکے ہمارے لیے چیلنج تھے، اس وقت سندھ کے تمام درگاہوں کی سکیورٹی سخت کی گئی ہے، سی سی ٹی کیمرے اور واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درگاہوں پر زائرین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور درگاہوں کے ترقیاتی کام بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں امن امان کی صورتحال پہلے سے کافی بہتر ہے۔ دریں اثنا انہوں نے لاڑکانہ کے قریب درگاہ یوسف شاہ جیلانی پہنچ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری کاموں کو جلد از مکمل کیا جائے تاکہ آنے والے زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کیے جاسکیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے صدر عبدالفتاح بھٹو، پیپلز پارٹی رہنما نور الدین ابڑو، ڈاکٹر اختر حسین ہنگورو اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :