گورنر سندھ محمد زبیر اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار نے میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ تصاویری نمائش ’’ڈسکور پاکستان‘‘ کا افتتاح کیا

ریحان خان نے اپنی تصاویر میں ایک چھت تلے پورے پاکستان کو سمیٹ دیاجس سے جذبہ محب وطنی کو فروغ ملے گا، گورنر سندھ

منگل 15 اگست 2017 22:59

گورنر سندھ محمد زبیر اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار نے میئر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر اور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل اطہر مختار نے میئر کراچی وسیم اختر کے ہمراہ یوم آزادی پر صادقین آرٹ گیلری فریئرہال میں ریحان خان کی تصاویری نمائش ’’ڈسکور پاکستان‘‘ کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، ممبر قومی اسمبلی علی رضا عابدی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین اور کے ایم سی افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ محمد زبیر نے بعدازاں نمائش میں رکھی گئیں300 سے زائد تصاویردیکھیںجن کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں میں واقع دلکش اور تاریخی عمارتوں کی خوبصورت انداز میں منظر کشی کی گئی تھی، گورنرسندھ نے اس موقع پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے نمائش کو آزادی کا تحفہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ ریحان خان نے اپنی تصاویر میں ایک چھت تلے پورے پاکستان کو سمیٹ دیاجس سے جذبہ محب وطنی کو فروغ ملے گا، انہوںنے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے بہترین ملک ہے ریحان خان نے دس سے بارہ سال اس کام پر جتنی محنت کی اسے جتنا سراہا جائے کم ہے ہر عمر کے فرد کے لئے یہاں تاریخ اور سیاحت کا ہر پہلو موجود ہے، انہوں نے کہاکہ میں یہاں فریئر ہال میئر کراچی کی دعوت پر آیا ہوں شہر میں منعقد ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات بہترین تھیں،صوبائی حکومت پر پبلک ٹرانسپورٹیشن سمیت تمام چیزوں کی ذمہ داری ہے، انہوں نے فریئر ہال میں یوم آزادی کے موقع پر نیوی بینڈ کی پرفارمنس کی بھی تعریف کی، گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا دن قومی یکجہتی کی علامت ہے ، قومی مقاصد کے حصول کے لئے پوری قوم متحد ہے، آزادی کے دن پوری قوم حب وطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر صرف اور صرف قومی پرچم تھامے اپنی محبت کا مظاہرہ کر رہی ہے جو خوش آئند ہے یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم نے کراچی سے لیکر خیبر تک بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کرکے ملک دشمن قوتوں کو بھرپور جواب دے دیا ہے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ یہ تصاویر پاکستان کی تاریخی عمارت اور تہذیب و ثقافت کی عکاسی کرتی ہیں،جسے پاکستان دیکھنا ہو تو وہ فریئر ہال میں اس تصویری نمائش کو دیکھ سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ تصاویری نمائش فریئر ہال میں تین دن جاری رہے گی جس کے دوران شہری شام پانچ بجے سے رات دس بجے تک یہ نمائش دیکھ سکیں گے، تقریب سے قبل فریئر ہال کے لان پر پاکستان نیوی کے بینڈ نے ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں جسے وہاں موجود ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے سراہا۔

متعلقہ عنوان :