کوئٹہ، تمام ترچیلنجز اورمسائل کے باوجود پاکستان ایک پُرامیدمنظم ریاست ہے، نواب ثنا ء اللہ خان زہری

ہم ایک پُرعزم قوم ہیں برداشت اوریکجہتی کا مظاہرہ کر کے تمام چیلنجزاورمشکلات پر قابو پاسکتے ہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان کا تقریب سے خطاب

منگل 15 اگست 2017 21:31

کوئٹہ، تمام ترچیلنجز اورمسائل کے باوجود پاکستان ایک پُرامیدمنظم ریاست ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ تمام ترچیلنجز اورمسائل کے باوجود پاکستان ایک ایسی پُرامیدمنظم ریاست ہے جہاں پارلیمنٹ خودمختار ہے سول سوسائٹی متحرک ہے اورعدلیہ اورمیڈیا آزاد ہیں۔ہم ایک پُرعزم قوم ہیں اگرہم برداشت ،اتحاد اوریکجہتی کا مظاہرہ کریں توتمام چیلنجزاورمشکلات پر قابو پاسکتے ہیں ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ شب بلوچستان ایکسی لینس ایوارڈ 2017ء کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاصوبائی وزرأ ،سینیٹرز ،اراکین صوبائی اسمبلی ،کمانڈرسدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض،جنرل آفیسرز،سول وعسکری حکام اورہزروں کی تعدادمیں شہریوں نے تقریب مین شرکت کی،وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ تقریب ایک روشن خیال پُرامن اورترقی پسند بلوچستان کے اس خواب کی تعبیر ہے جس کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے ہمار ے آباؤاجداد نے ہمارے لئے ایک سمت کا تعین کیا ،وزیراعلیٰ نے کہا اس سمت کی پیروی میں ایک روشن بلوچستان ابھر کرسامنے آرہاہے اورجہالت کے اندھیرے،تعلیم اورکردارسازی کی بدولت دورہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ انفرادی مفادات پر اجعماعی ترقی میانہ روی اوربھائی چارے کی سوچ حاوی ہوچکی ہے اورعلم ودانش کے میدان میں حاصل ہونے والی کامیابیاں ایک بدلتے ہوئے معاشرے کی نوید دے رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج کا بلوچستان ایک ایسے ترقی پسند معاشرے کی بنیاد بن رہاہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھااورجس کی تعبیر قائداعطم محمدعلی جناح نے ممکن بنائی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم ایک ایسی صبح دیکھ رہے ہیں جوہماری آنے والی نسلوں کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ ہماری تہذیب وثقافت کے فروغ کو یقینی بنائے گی انہوں نے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کویقین دلاتے ہیں کہ ان کی حکومت تعمیر وترقی کے اس سفر میں نہایت سنجیدہ ہے اورمنزل کے راستے میں اقتصادی معاشی اوردہشت گردی کی شکل میں آنے والے مشکلات میں رکاوٹ نہیں بننے دے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بلوچستان کے غیوراورجفاکش عوام کو ایوارڈ دے کر ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاجارہاہے ہم اُن دانشوروں،فنکاروں اورکھلاڑیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنے علم ودانش ہنراورصلاحیتوں کوقوم کے بہترین مفاد میں استعمال کرتے ہوئے ملک کیلئے نام کمایا۔ان کی کاوشیں قابل تحسین اورنوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اہل بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ رنگ ونسل،فرقہ واریت اورقومی تضادات سے بالاترہوکر اپنی صلاحتیں تعلیم وترقی کے میدان میں استعمال کریں کیونکہ امن واستحکام کا یہ سفر ہماری بقاء کا ضامن ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمیں پاکستان کی سلامتی ،اتحاد،ترقی اورخوشحالی کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں مانگنے کے ساتھ ساتھ اس عزم کا اعادہ کرناچاہیے کہ ہم باہمی اختلافات بھلا کر ایک متحد قوم کی طرح ملک کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کام کریں گے تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرسکیں۔

تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے جبکہ تقریب کے دوران ثقافتی رقص قومی نغمے اورمختلف رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے جن میں قومی یکجہتی کا رنگ نمایاں تھا جبکہ آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی پیش کیاگیا،تقریب میں شامل عوام کا جوش وخروش اورپاکستان سے محبت قابل دید تھی۔

متعلقہ عنوان :