کوئٹہ ،بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کی پروقار تقریب کا انعقاد،مختلف شعبوں میں شاندار خدمات پیش کرنیوالی شخصیات کو ایوارڈ دئیے گئے،

تقریب میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی سائنس وٹیکنالوجی میں ڈاکٹر عجب خان کاسی کو ، شاعری کا ایوارڈ طاہر حساس جتک کو ،کتب نویسی کا ایوارڈ ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی کو ملا، باکسنگ میں محب اللہ ،فٹبال میں سعداللہ ایوارڈ مکے حقدار پائے گئے ، بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہیڈ کانسٹیبل عبدالرزاق شہید کو امن وقومی یکجہتی ایوارڈ دیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض تھے

منگل 15 اگست 2017 20:09

کوئٹہ ،بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کی پروقار تقریب کا ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں شاندار خدمات پیش کرنے والی شخصیات کو ایوارڈ دئیے گئے،تقریب میں سیاسی و عسکری قیادت کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض تھے،گٹی اسٹیڈیم میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کی گونج میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں نے سماں باندھ دیا، چاروں صوبوں اور کشمیر گلگت بلتستان کے ثقافتی طائفوں کے علاوہ ترکی سے خصوصی طور پرآئے طائفے نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے اور شائقین سے خوب داد دسمیٹی،تقریب میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مختلف کیٹگریز میں انعامات سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیٹگری میں ڈاکٹر عجب خان کاسی کو ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ ایجوکیشن ایوارڈ الحجرا سکول اینڈ کالج زیارت کو دیا گیا، شاعری کی کیٹگری میں ایوارڈ طاہر حساس جتک کو ملا اور کتب نویسی کا ایوارڈ ڈاکٹر عبدالرئوف رفیقی کے حصے میں آیا۔ آرٹ اور کلچر میں حسن ندیم بہترین ڈرامہ نگار، عمر فاروق بہترین اداکار، شمیم قاضی بہترین اداکارہ،نور محمد نورل بہترین بلوچی گلوگار، عبداللہ بہترین پشتو گلوکار اور مجسمہ سازی میں عبدالحمید بلوچ کو ایوارڈ ملا۔

کھیلوں کی کیٹگری باکسنگ میں محب اللہ جبکہ فٹبال میں سعداللہ اور کراٹے خواتین میں کلثوم ایوارڈ کی حقدار پائیں۔ صحت کے شعبے میں لیڈی ڈیفرن ہاسپٹل کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہیڈ کانسٹیبل عبدالرزاق شہید کو امن اور قومی یکجہتی کی کیٹگری میں ایوارڈ دیا گیا۔ سوشل ورک کی کیٹگری میں میڈم زبیدہ جلال ایوارڈ کی حقدار قرار پائیں۔

اعترافی (ریکگنیشن) کیٹگری میں محمد ابوبکر درانی کشتی رانی جبکہ عظمت یار سکوائش میں ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔ لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ باکسنگ کوچ عطا محمد کاکڑ، بلوچی گلوکار مرید بلید (مرحوم) رائفل شوٹنگ میں سردار نصیر احمد، شاعری میں دانیال ترین جبکہ سماجی بہبود و ترقی میں بیگم عظمت حسن بلوچ کو دیا گیا۔ اس موقع پر ملک کے نامور گلوگاروں نے ملی نغمے پیش کئے جس پر تقریب کے شرکا جھوم اٹھے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔