مون سون شجر کاری مہم کے دوران ضلع میں 3لاکھ پودے لگائے جائیں گے، فاریسٹ آفیسر

منگل 15 اگست 2017 17:08

مظفر گڑھ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان کے موسم میں تبدیلی واقع ہورہی ہے ، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجر کاری وقت کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مظفرگڑھ اقبال بزدار نے مون سون کی شجر کاری مہم کے سلسلے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو خوبصورت بنانا ہے تو زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں کیونکہ درخت ہی زمین کا زیور ہیں،درختوںسے ماحول خوشگوار ہوتا ہے اور ماحول سے آلودگی کا بھی خاتمہ ہوتا ہے ،اس کے علاوہ درخت سے معاشی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق امسال شجر کاری پر زیادہ سے زیادہ دی جائے گی جس کیلئے پہلے سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جو بھی پودے لگائے جائیں ان کی نگہداشت بھی کی جائے تاکہ وہ ایک تناور درخت بن سکے اور مطلوبہ نتائج حاصل ہوسکیں، جس کیلئے افسران کو خود دلچسپی لینا ہوگی۔اس موقع پر سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر قیصر عباس نے بتایا کہ مون سون شجر کاری مہم کے دوران ضلع بھر میں 3لاکھ پودے لگائے جائیں گے ، ایک لاکھ 25ہزار پودے محکمہ جنگلات لگائے گا، ایک لاکھ پودے پرائیویٹ طور پرلگائے جائیں گے جبکہ محکمہ دفاع اور دیگر محکمہ جات مجموعی طور پر 75ہزار پودے لگائیں گے۔

اجلاس میں مختلف محکمہ جات کو پودے لگانے کا اہداف مقرر کئے گئے ، اجلاس میں محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، محکمہ زراعت، محکمہ لائیو سٹاک، محکمہ آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، ضلع کونسل اور دیگر محکموںکے افسران اورنمائندگان نے شرکت کی۔