پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 46ویںبرسی اتوار کو منائی جائے گی

منگل 15 اگست 2017 16:26

پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 46ویںبرسی اتوار ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کی 46ویں برسی20اگست بروز اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ راشد منہاس نے ملٹری ہسٹری اینڈ ایوی ایشن ڈیپارٹمنٹ جامعہ کراچی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی اور 13مارچ 1971ء کو پاکستان ایئر فورس میں بطور کمیشنڈ جی ڈی پائلٹ شمولیت اختیار کر لی ۔

1971ء کی پاک بھارت جنگ کے موقع پر 20اگست 1971ء کو ٹی تھری ٹرینر کی پرواز میں فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن بھی ان کے ساتھ جہاز میں سوار ہوئے اور اپنے مذموم مقاصد کیلئے نوجوان پائلٹ آفیسر و قومی ہیرو راشد منہاس پر ضرب لگائی اور پاک فضائیہ کے طیارے کا رخ بھارت کی جانب موڑ لیا ۔طیارہ بھارت کی جانب رواں دواں تھا کہ اسی اثناء میں راشد منہاس کو ہوش آگیا اور انہیں اندازہ ہو گیا کہ ان کا جہاز اغواء کر کے بھارت لے جایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے فوری طورپر پی اے ایف مسرور بیس پر صبح11:35بجے رابطہ کیا اور طیارے کے اغواء کے متعلق آگاہ کیا۔ اس دوران راشد منہاس اور مطیع الرحمن کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔ اس پر راشد منہاس نے مطیع الرحمن کو اس کے مذموم مقاصد میں ناکام بنانے کیلئے طیارے کا رخ فضا سے زمین کی جانب کر دیا اور بھارتی سرحد سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر طیارہ زمین بوس کر دیا ۔ اس طرح مادر وطن کے وقار کو بچاتے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے قومی ہیرو راشد منہاس شہادت کے مرتبہ پرفائزو سرفراز ہو گئے۔ راشد منہاس شہید کو ان کی قربانی کے صلہ میں نشان حیدر سے نوازا گیا۔ شہید کی برسی پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور فاتحہ کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :