وفاقی وزارت داخلہ کا غیر ممنوعہ بور اسلحہ لائسنسوں اور بلٹ پروف گاڑیوں کے اجازت ناموں پر عائد پابندی اٹھانے پر غور

اسلحہ لائسنسوں اور بلٹ پروف گاڑیوں کے اجازت ناموں پر پابندی سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے لگائی تھی

منگل 15 اگست 2017 15:40

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) وفاقی وزارت داخلہ غیر ممنوعہ بور اسلحہ لائسنسوں اور بلٹ پروف گاڑیوں کے اجازت ناموں پر عائد پابندی اٹھانے پر غور کر رہی ہے،اسلحہ لائسنسوں اور بلٹ پروف گاڑیوں کے اجازت ناموں پر پابندی سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے لگائی تھی۔ وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے وزارت اور اس کے ذیلی اداروں کے سربراہان کو عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں اور کہا ہے کہ جو دستاویزات ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس کے اجراء میں پیچیدگیاں پیدا نہ کی جائیں۔

ذرائع کے مطابق بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کیلئے وزارت داخلہ کو وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ این او سی کی شرط کو ہی ختم کر دیا جائے تاہم احسن اقبال کو وزارت داخلہ کی طرف سے بلٹ پروف گاڑیوں کی اجازت نامے سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد اجازت ناموں کے اجراء پرعائد پابندی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں گزشتہ چار سالوں سے غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے اجراء پر پابندی عائد تھی، تاہم اب اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ اس پابندی کو ختم کر دیا جائے تا کہ جن لوگوں کو سیکیورٹی صورتحال کا سامنا ہے وہ غیر ممنوعہ اسلحہ بور کا لائسنس حاصل کر سکیں۔