فاٹا میں تعمیری تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے،

تمام سماجی شعبوں میں فاٹا کے رہائشیوں سے یکساں سلوک کو یقینی بنایا جائے گا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ سے گفتگو

منگل 15 اگست 2017 15:11

فاٹا میں تعمیری تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2017ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات ( فاٹا) میں تعمیری تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے اور ہم فاٹا کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانے کے خواہاں ہیں، تمام سماجی شعبوں میں فاٹا کے رہائشیوں سے یکساں سلوک کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات فاٹا سے تعلق رکھنے والے ارکان سینیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

منگل کو وزیر اعظم آفس میں ان سے ملاقات کرنے والے سینیٹرز میں ہدایت اللہ ، حاجی مومن خان آفریدی ، اورنگزیب خان ، ہلال الرحمٰن، سجاد حسین طوری، محمد صالح شاہ ، تاج محمد آفریدی اور ملک نجم الحسن شامل تھے۔ فاٹا کے سینیٹرز نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے ان کے علاقوں میں ترقی کی شرح کو بری طرح متاثر کیا اور بنیادی ڈھانچے کو بہت زیادہ نقصان پہنچا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فاٹا میں تبدیلی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی ہماری حکومت کی ترجیح ہے اور ہم فاٹا کو دیگر وفاقی اکائیوں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت کی جانب سے پہلے ہی اس ضمن میں اقدامات اٹھائے چکے ہیں اور فریقین کی مشاورت سے قانونی اصلاحات کے ساتھ ساتھ فاٹا کے امور میں تعمیری تبدیلی کو ترجیح دے رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ صحت، تعلیم ، بنیادی ڈھانچے اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لئے فاٹا کے لئے اضافی وسائل مختص کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وہ جلد فاٹا کادورہ بھی کریں گے۔