نواز شریف اوران کے خاندان کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنادوہرا معیارہے،راجا پرویزاشر ف

منگل 15 اگست 2017 13:46

نواز شریف اوران کے خاندان کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنادوہرا معیارہے،راجا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف نے نواز شریف اوران کے خاندان کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنے کو دوہرا معیار قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے جس طرح قومی اداروں کو نشانہ بنایا اس سے بیس کڑور عوام کی توہین ہوئی ، یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنماںکی سزا وں پرپیپلزپارٹی نے تو ریلی نہیں نکالی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف گیپکو میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ۔کیس کی سماعت کے دوران راجا پرویزاشرف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے فراہم کیے جانے والی دستاویزات صاف اور نامکمل ہیں لہذا عدالت دوبارہ صاف اور مکمل کاپیاں ریفرنس کی فراہم کرنے کا حکم جاری کرے، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے کہا کہ مختلف درخواستیں دے کر عدالتی وقت ضالع کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جب یوسف رضا گیلانی کو اور دیگر رہنماں کو عدالت نے بلایا اور سزائیں دیں تو پیپلزپارٹی نے تو ریلی نہیں نکالی،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کی ہے ۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ جو ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے، آرٹیکل 62 اور63 آمرکی شق تھی جب ہم نے اسے آئین سے نکالنے کی کوشش کی تونواز شریف نے اس کی مخالفت کی اورآج خود شکار ہو گئے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو خط نہ لکھنے پر سپریم کورٹ نے نااہل قراردیا جبکہ نوازشریف کرپشن کی بنیاد پر نااہل ہوئے، دونوں کی نااہلی کے جواز میں فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرا اور یوسف رضا گیلانی کا نام ابھی تک ای سی ایل میں شامل ہے جبکہ نواز شریف اوران کے خاندان نے تفتیش کے عمل سے گزرنا ہے اور ان کا نام ای سی ایل میں نہ ڈالنا دوہرا معیار ہے۔راجا پرویزاشرف نے کہاکہ نوازشریف نے جس طرح قومی اداروں کو نشانہ بنایا اس سے بیس کڑور عوام کی توہین ہوئی ہے۔