توہین عدالت کیس ،

نوازشریف سمیت 14 ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری خواجہ سعد رفیق، دانیال عزیز، رانا ثنااللہ، خواجہ آصف، طلال چوہدری، آصف کرمانی، عابد شیر علی، اسحاق ڈار سمیت دیگر شامل

منگل 15 اگست 2017 12:26

توہین عدالت کیس ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سابق وزیراعظم سمیت 14 ارکان پارلیمنٹ کو نوٹس جاری کردیئے۔لاہورہائیکورٹ میں جسٹس مامو ن رشید نے نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل د یئے گئے۔ درخواست گزار آمنہ ملک نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے اپنی نا اہلی کو سازش قرار دیا، نواز شریف اور وفاقی وزرا کی تقاریر نہ صرف عدالت کی توہین بلکہ غداری کے زمرے میں آتی ہیں۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ یہ غداری کیسے بنتی ہی ، اس پر درخواست گزار آمنہ ملک کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ آئین کے تحت عدلیہ اور فوج پر کوئی بات نہیں کی جا سکتی لیکن پھر بھی نواز شریف اور ان کے ساتھیوں نے مسلسل دونوں اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا یا۔

(جاری ہے)

توہین عدالت کیس میں عدالت نے نواز شریف سمیت 14افراد کو نوٹس جاری کردیا جن میں وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔

۔عدالت کی جانب سے جن 14 ارکان پارلیمنٹ کو نوٹسز جاری کیے گئے ان میں خواجہ سعد رفیق، دانیال عزیز، رانا ثنااللہ، خواجہ آصف، طلال چوہدری، آصف کرمانی، عابد شیر علی، اسحاق ڈار سمیت دیگر شامل ہیں جب کہ چیرمین پیمرا کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔عدالت نے درخواست پر آئندہ سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں بھی توہین عدالت کی درخواست دائر کی جاچکی ہے۔