گوجرخان میں 70واں یوم آزادی شایان شان اندازمیں منایا گیا

پیر 14 اگست 2017 22:13

گوجر خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) گوجرخان میں 70واں یوم آزادی شایان شان اندازمیں منایا گیا۔ پرچم کشائی کی تقریب بلدیہ دفتر میں منعقد ہوئی جس میں ممبر قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص‘ ایم پی اے افتخار احمد وارثی‘ چیئرمین بلدیہ الحاج محمد شاہد صراف‘ وائس چیئرمین خواجہ نعیم قیوم‘ اسسٹنٹ کمشنر گوجرخان مہرین فہیم عباسی‘ کونسلرز سیاسی سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے بعد راجہ جاوید اخلاص افتخار وارثی شاہد صراف ودیگرنے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال گوجرخان اور لاک اپ میں جا کر پھل اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ یوم آزادی کے حوالہ سے دوسری تقریب مسلم لیگ کے رہنما امیدوار برائے صوبائی اسمبلی راجہ علی اصغرکے آفس میں منعقد ہوئی جس میں لیگی کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ علی اصغر نے کہا کہ چودہ اگست 1947ء تجدید عہد کا دن ہے ہمارے آبائو اجداد کی بے پناہ قربانیوں کے بعد آزاد و طن میسر آیا زندہ قومیں اپنا یوم آزادی شایان شان اندازمیں مناتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر راجہ علی اصغر نے کارکنوں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ ادھر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام گوجرخان کے اسسٹنٹ منیجر عامرنائیک کی طرف سے ایک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ریلی بلدیہ دفتر سے شرو ع ہو کر چوک گوجرخان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں راجہ جاوید اخلاص‘ افتخار وارثی‘ شاہد صراف خواجہ نعیم قیوم کونسلروں ودیگر نے بھرپور شرکت کی۔

ادھر ایک ریلی تحریک انصاف یوتھ ونگ کے اختر خان، عمیر خان، مراد علی، بلال خان کے زیر اہتمام نکالی گئی جس کی قیادت شہزادہ خان، مرزا بشیر، عظمت مغل، امین ڈار نے کی ریلی ریلوے روڈ سے شرو ع ہو کر چوک گوجرخان پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ چودہ اگست تجدید عہد کا دن ہے اس دن کی مناسب سے ہم سب کو مل کر عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے پیارے وطن کو قائد اعظم کے نظریہ پاکستان کی مطابق بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ایک ریلی سول سوسائٹی کے طیب ملک کے زیر اہتمام نکالی گئی جس میں تمام سیاسی سماجی جماعتوں کے مقامی قائدین، وکلاء،صحافی، کاروباری طبقہ نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پیپلزپارٹی گوجرخان کے زیر اہتمام بھی ایک ریلی نکالی گئی جس میں چوہدری عامر خورشید، بلال صغیر ، راجہ عمران کامی،شاہد بٹ،وسیم سیٹھی،چوہدری عارف ،یاور قریشی سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تحریک لبیک یارسول ؐاللہ کے زیراہتمام بھی ایک ریلی نکالی گئی‘ کھوکھایونین گوجرخان کے زیراہتمام بھی جشن آزادی کے حوالہ سے ایک ریلی نکالی گئی جو انارکلی بازار سے شروع ہو کر بلدیہ آفس پہنچی ۔ ریلی کی قیادت سعادت حسین صدر کھوکھایونین سید زاہد شاہ جنرل سیکرٹری نے کی اس موقع پر مقررین نے خطاب بھی کیا۔