ملک کو معاشی طور پر خود مختار ملک بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں،صدر فیصل آباد چیمبر

پیر 14 اگست 2017 21:47

فیصل آباد ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) جغرافیائی آزادی کے بعد جہاں تعمیر وطن ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے وہاں ملک کو معاشی طور پر ایک خود مختار ملک بنانے کیلئے تاجر اور صنعتکار برادری بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کے بعد ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں مسلمانان ہند کی طرح بر صغیر کے تاجروں نے بھی انتہائی کلیدی کردار ادا کیا، وہ آج بھی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور خاص طور پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران محب وطن ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آزادی کے بعد تعمیر وطن کا کٹھن مرحلہ درپیش ہے اور اس میں کامیابی کیلئے پوری قوم کو مکمل اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے تا کہ وطن عزیز سے غربت ، دہشت گردی، جہالت اور بے روزگاری کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے 71ویں جشن آزادی پر ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکومت اور خاص طور پر پاک فوج کی کوششوں میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

اس موقع پرنائب صدر انجینئر احمد حسن نے اپنے مختصر خطاب میں قوم کو جشن آزادی کے سلسلہ میں مبارکباد دی اور کہا کہ آج شہر بھر میں درجنوں تقریبات ہو رہی ہیں جن میں فیصل آباد کی تاجر برادری بھرپور شرکت کر رہی ہے تاکہ اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دیا جا سکے۔اس سے قبل صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے نائب صدر انجینئر احمد حسن، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور سابق عہدیداروں کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کی جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے سیکیورٹی سٹاف نے فائرنگ کر کے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس تقریب میں سابق نائب صدر چوہدری محمد بوٹا،ندیم اللہ والا ،عثمان روف اور دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔