یوم آزادی کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس پیپلز کالونی میں پرچم کشائی کی تقریب

پیر 14 اگست 2017 21:46

فیصل آباد ۔14اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء)یوم آزادی کے موقع پر سوشل ویلفیئر کمپلیکس پیپلز کالونی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد شاہد رانااور ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری اشرف نے دیگر افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور تمام شرکاء نے بیک زبان ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔

اس موقع پر سوشل ویلفیئر افسران راناکاشف نثار،صوفیہ رضوان،ریحانہ یاسمین،ظل ہما اور ماڈل چلڈرن ہوم کے بچے موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے تمام افسران وسٹاف اور اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی سلامتی ہی ہماری خوشیوں اور امیدوں کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ اور خون کا دریا عبور کرکے یہ ملک حاصل کیا گیا تھا لہذا ہمیں آزادی کی بے حد قدر کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر اس عہد کی پختہ انداز میں تجدید کی جائے کہ وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کے لئے ہر شہری اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور اسکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دی جائے گی ۔آخر میں ریٹائرڈ ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری محمد سلیم نے دعا کرائی اور شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔