یوم آزادی کے موقع پر پاک بحریہ نے قومی مینگرووز اُگائومہم کا آغاز کر دیا،

پاک بحریہ کے سربراہ کا مینگرووز کا پودا لگا کرپاک بحریہ مینگرووز اُگائو مہم 2017کا افتتاح آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ آئیے عہد کریں کہ اِس کی قدر کرتے ہوئے ہم سب اپنے فرائض ہمیشہ پوری ایمانداری سے انجام دینگے اور اس مملکتِ خداداد کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ کا تقریب سے خطاب

پیر 14 اگست 2017 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 اگست2017ء)حکومتِ پاکستان کے وژن کے مطابق پاک بحریہ نے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں -’’پاک بحریہ مینگرووز اُگائو مہم 2017‘‘کا آغاز یومِ آزادی کے موقع پرکر دیا ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمانِ خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے مینگرووز کا پودا لگا کرپاک بحریہ مینگرووز اُگائو مہم 2017کا افتتاح کیا۔

اس مہم کے دوران صو بہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 10لاکھ سے زائد مینگرووز کے پودے لگائیں جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے کہا کہ مینگرووزکے جنگلات میں کمی نہ صرف ہمارے ساحلی علاقوں کے حیاتی ماحول بلکہ ساحلی مکینوں کے ذریعہ معاش کو بھی متاثر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمرل محمد ذکا ء ا للہ نے مزید کہا کہ اس طرح کی مہمات نہ صرف مینگرووز کے جنگلات میں اضافے کا باعث ہوں گی بلکہ عوام الناس میں ان جنگلات کے بارے میں آگاہی کے فروغ میں کلیدی کرداربھی ادا کریں گی۔

نیول چیف نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں اور معاشرے کے تمام حلقوں کے اس نیک مقصد میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ مینگرووز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نیول چیف نے اعلان کیا کہ اس مہم کا نام بدل کر 'قومی مہم برائے مینگرووزاُگاؤ ' رکھ دیا گیا ہے۔نیول چیف نے یومِ آزادی پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے۔ آئیے عہد کریں کہ اِس کی قدر کرتے ہوئے ہم سب اپنے فرائض ہمیشہ پوری ایمانداری سے انجام دینگے اور اس مملکتِ خداداد کو عظیم سے عظیم تر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

مینگرووزکے جنگلات ساحلی ماحولیاتی نظام، سمندری کٹائوسے بچائو، آبی جانداروں کی بقائے حیات کے لئے نہایت اہم ہیں۔بدقسمتی سے گذشتہ چند سالوں کے دوران متعلقہ محکموں و افراد کی غفلت اور سرد مہری کی وجہ سے پاکستانی ساحلوں پر مینگرووز میں کمی واقع ہوئی ہے۔میری ٹائم شعبے میں مرکزی شراکت دار ہونے کے ناطے اور آبی حیات کے لیے مینگرووزکی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے پاک بحریہ نے ساحلی پٹی پر مینگرووز کے جنگلات کو دوبارہ اُگانے کااہم قدم اُٹھایا ہے۔

آلودگی کے خاتمے،ساحلی علاقوں کے کٹاؤ کے انسداد کے لیے اور ساحلی مکینوں کے لئے اقتصادی و مالی فوائد کے مواقع پیدا کرنے میں مینگرووزکے جنگلات کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے پاک بحریہ وفاقی حکومت کے وژن کے مطابق مینگرروز کو اُگانے کی خصوصی مہمات کا اہتمام تواتر کے ساتھ کرتی ہے۔سندھ اور بلوچستان کے محکمہ جنگلات، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر اور ورلڈ وائلڈ لائف فنڈکے اشتراک سے پاک بحریہ نے گذشتہ سال دس لاکھ سے زائد مینگرووز کے پودے لگائے۔

ان مہمات کے ذریعے نہ صرف مینگرووزکے جنگلات میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ مینگرووزکے موجودجنگلات کو محفوظ بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ پاک بحریہ مینگرووز اُگائومہم2017کی افتتاحی تقریب میںعسکری و سول شخصیات بشمول تاجر برادری،صحافیوں،ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ، انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچراور وفاقی اور صوبائی محکمہ جنگلات کے نمائندگان نے شرکت کی۔