میئر کراچی وسیم اختر کی مزار قائدؒ پر حاضری، شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی

قائد اعظمؒ کا شمار دنیا کے عظیم رہنمائوں میں ہوتا ہے ،آج یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے، میئر کراچی

پیر 14 اگست 2017 21:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) پاکستان کا 70واں یو م آزادی کے موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ، چیئرمین وسطی ریحان ہاشمی، چیئرمین کورنگی سید نیر رضا، چیئرمین ضلع شرقی معید انور ، بلدیہ کی مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بعدازاں میئر کراچی وسیم اختر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کا شمار دنیا کے عظیم رہنمائوں میں ہوتا ہے آج یوم پاکستان کے موقع پر پوری قوم بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے کیونکہ قائد اعظم کی قیادت میں ہی پاکستان کا قیام ممکن ہوسکا اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں کی عظیم قربانی کے نتیجے میں ہی آج ہمیں آزاد مملکت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری قائد اعظم اور وطن عزیز سے بے لوث محبت کرتے ہیں کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح دنیا کے ان عظیم رہنمائوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی اور مسلمانوں کے لئے ایک آزاد مملکت کو دنیا کے نقشے پر ابھارا، انہوں نے کہا کہ کراچی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ بانی پاکستان یہیں پر پیدا ہوئے اور اسی شہر میں وفات پائی، انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اس آزاد مملکت کو اسلام کا قلعہ قرار دیا تھا ہمیں یہاں رواداری، اخوت، مساوات، بھائی چارگی کے جذبے کو عام کرنا چاہئے تاکہ قائد کے اصولوں پر عملدرآمد کیا جاسکے۔

اس موقع پر کے ایم سی کے فائر ٹینڈر، اسنارکل اور ریسکیو گاڑیوں کی ایک ریلی مزار قائد سے کے ایم سی کے مرکزی دفتر تک نکالی گئی جس کی قیادت میئر کراچی وسیم اختر نے کی، کے ایم سی کے مرکزی دفتر میں جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی گئی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ ، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر، مختلف کمیٹیوں کے چیئرمینز، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، منتخب بلدیاتی نمائندوںسمیت افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی بلڈنگ میں سٹی وارڈنز کے بنائے ہوئے 180 فٹ لمبے اور 80 فٹ چوڑے پرچم کا معائنہ کیا، میئر کراچی وسیم اختر کو سٹی وارڈنز کے ایک دستے نے سلامی بھی پیش کی، میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تجدید عہد وفا کا دن ہے اور آج کے دن یہ عہد کریں کہ انفرادی سطح پر اور اجتماعی سطح پر خصوصاً اپنے ادارے کے ایم سی میں مثبت تبدیلی لا کر شہر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اورکے ایم سی کو ایک مثالی ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے کیونکہ کراچی بہتر ہوگا تو پاکستان بہتر ہوگا، انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے سال جشن آزادی کی تقریب باغ جناح (پولو گراؤنڈ) میں بڑے پیمانے پر منعقد کی جائے گی جس میں کے ایم سی کے 13 ہزار ملازمین شرکت کریں جبکہ شہر کی نمایاں شخصیات کو بھی اس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ70ویں یوم آزادی کے موقع پر کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک و تعاون سے یکم سے 14 اگست تک تقاریب کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا اور اس دوران شہر میں لاتعداد پروگرامز منعقد کئے گئے جن میں شہری از خود ان پروگراموں میں شریک ہوئے جو کراچی کے شہریوں کا اپنے وطن سے والہانہ محبت کا اظہار ہے۔