کوئٹہ سمیت بلوچستان میں 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا ،

نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی ترقی ،سلامتی ، یکجہتی ،امت مسلمہ کے اتحاد ، کشمیریوں ،فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

پیر 14 اگست 2017 19:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) ملک بھر کی طرح کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی پیر کو 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دن کا آغاز 21توپوں کی سلامی سے ہوا نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی ،سلامتی ، یکجہتی ،امت مسلمہ کے اتحاد ، کشمیریوں اور فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی جس میں سپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی و وفاق وزراء، سینیٹرز، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا عبدالواسع، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، جنرل آفیسرز آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم ، آئی جی پولیس و دیگر سول و عسکری حکام اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے دیگر کے ہمراہ پرچم کشائی کی ۔تقریب کے دوران سکول کے بچے اور بچیوں کی جانب سے قومی نغمے پیش کئے گئے۔اسکے علاوہ مختلف مقامات پر بھی قومی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ سارا دن گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر نوجوان قومی پرچم لگائے شہر کی مختلف شاہراہوں کا گشت کرتے رہے اکثر مقامات پر نوجوانوں نے قومی ترانے لگاکر علاقائی رقص بھی پیش کیا۔