وطن عزیز کیخلاف ونے والی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے ،سینیٹر مولانا عطاء الرحمن

پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،آزادی میں علماء کرام و دیندار لوگوں نے نمایاں کردار ادا کیا،جامعہ عربیہ اسلامیہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

پیر 14 اگست 2017 19:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء)جے یو آئی (ف )کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا منہ توڑ جواب دیں گے پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اس کی آزادی میں علماء کرام و دیندار لوگوں نے نمایاں کردار ادا کیاان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی کی معروف علمی درسگاہ جامعہ عربیہ اسلامیہ گلستان کالونی میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر قاری فضل ربی،مولانا حبیب الرحمن،مفتی منظور احمد،مفتی محمد بشیر ، مولانا محمد عمر ،مولانا محمد قاسم سمیت مقامی علماء کرام بھی موجود تھے ۔

مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ 1857ء کی جنگ آزادی سے لیکر 1947ء تک برصغیر کے ہزاروں علماء او ر عام مسلمانوں نے غیروںکی غلامی سے چھٹکارا پانے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے جس کے نتیجے میں آج ہم آزاد فضائوں میں جی رہے ہیں مگر افسوس ہمارے عصری تعلیمی اداروں میں اس حوالے سے پڑھائے جانے والے نصاب میں وہ حقائق شامل نہیں جن سے ان قربانیوں کی اہمیت واضح ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ مدارس، مساجد اور خانقاہوں سے وابستہ افراد نے کیا، اسی وجہ سے مسلمانوں کا رشتہ ان سے ختم کرنے کیلئے سازشیں کرکے مساجد ومدارس کو دہشتگردی جیسی گندگی سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ان کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ پاکستان ہمارا پیارا وطن ہے اور وطن کی مٹی سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اگر کسی نے پاک وطن کی طرف میلی آنکھ دیکھا اسے منہ کی کھانی پڑے گی تقریب کے اختتام پر پرچم کشائی بھی کی گئی ۔