پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے ہزاروں کی تعداد میں جانوں کے نذرانے دیئے

آزادی کے 70سال بعد بھی دشمن قوتیں ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں بحیثیت پاکستانی قوم ملکر ناکام بنانا ہوگا،سلمانخیل قومی جرگہ کے زیراہتمام ریلی سے نعیم خان خلجی ودیگرکا خطاب

پیر 14 اگست 2017 19:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) سلمانخیل قومی جرگہ کے زیراہتمام نعیم خان خلجی کی قیادت میں پاکستان کی آزادی کی 70ویں سالگرہ کے موقع پرایک ریلی نکالی گئی جو کواری روڈ، لیاقت بازار ،پرنس روڈ، جناح روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھارکھے تھے اورپاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

ریلی کے شرکاء سے محمد نعیم خان خلجی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا جسے قائداعظم محمد علی جناح نے عملی جامہ پہنا پاکستان کے قیام کیلئے ہمارے آباؤ اجداد نے ہزاروں کی تعداد میں جانوں کے نذرانے دیئے ۔پاکستان کے حصول کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء کو ہم خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی کے 70سال گزرنے کے بعد بھی پاکستان دشمن قوتیں ملک کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں ہمیں بحیثیت پاکستانی قوم ملکر ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے 70ویں یوم آزادی کی تقریبات کو ناکام بنانے کیلئے گزشتہ روز کوئٹہ میں پاک فوج کے اہلکاروں کو خود کش دھماکے کا نشانہ بنایا ہم شہداء کے اہل خانہ اورزخمیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی کے باوجود جشن آزادی شایان شان طریقے سے مناکر دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ زندہ قومیں اپنا جشن آزادی شایان شان طریقے سے ہی مناتی ہیں۔ انہوں نے پوری قوم کو 70ویں جشن آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :