مملکت خداداد کو آگے بڑھانے کیلئے قائد اعظم ؒکے فرمودات پر عمل کرتے ہو ئے اپنے اندر ایمان ،اتحاد اور یقین محکم پیدا کر نا ہو گا‘رانا تنویر حسین

مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں ملک بھر کامیابی حاصل کرے گی انتشار اورگا لی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا ‘وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

پیر 14 اگست 2017 19:36

مملکت خداداد کو آگے بڑھانے کیلئے قائد اعظم ؒکے فرمودات پر عمل کرتے ..
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مملکت خداداد کو آگے بڑھانے اور ترقی یافتہ ممالک کے برابر لانے کے لئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے فرمودات پر عمل کرتے ہو ئے اپنے اندر ایمان ،اتحاد اور یقین محکم پیدا کر نا ہو گا پاکستان کی آزادی خود مختاری اور سالمیت پر آنچ نہیں آنے دینگے وطن عزیز کو انشا اللہ با نی پاکستان قائد اعظمؒاور مفکر پاکستان علامہ اقبال ؒ کے خوابوں کی تعبیر بنا ئیں گے مادروطن کے دفاع کے لئے ہماری غیور اور بہادر افواج ہمہ وقت تیار ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میو نسپل کمیٹی شرقپور شریف میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا چیئر مین بلدیہ میا ں عمران اشرف یعقومیہ ، اسسٹنٹ کمشنر شرقپور شریف ڈاکٹر ستائش ، امیدوار پی پی 165میا ں عبدالروف ،میڈ یا کو آرڈینٹر ندیم گورایہ ، یوسی چیئر مین ملک نوید محمود چوہان ، حکیم سلیم اللہ ، ارشد حبیب ،چودھری شہباز احمد مرحبا والے سمیت معززین علاقہ نے تقریب میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے چار سالوں میں میاں نواز شریف کی قیادت میں جس تیزی کے ساتھ میگا پراجیکٹ پر کام کا آغاز کرکے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ہم نے جس ترقی کے سفر کا آغاز کیا تھا بے شمار رکاوٹوں کے باوجود بھی آج 14،اگست کے روز یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ملک وقوم کے ساتھ مخلص، دیانتداری اور شفافیت سے اس سفر کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء کے عام انتخابات میں ملک بھر کامیابی حاصل کرے گی انتشار اورگا لی گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھانے والوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا ناکامی ان کا مقدر ہوگی میں مریدکے ،فیروزوالہ،کوٹ عبدالمالک اور شرقپور کے عوام اور لیگی کارکنوں کا خراج تحسین پیش کرتا ہو ں جنہوں نے میاں محمد نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کر کے ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کی ، تقریب میں مختلف سکولز کے بچوں نے ملی نغمے گائے ،اس موقع پر رانا تنویر حسین نے بھی بچوں کے ساتھ ملی نغمہ پڑھا۔

متعلقہ عنوان :