ہم قائداعظم کے پاکستان کو ان کے نظریات اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق چلانا چاہتے ہیں،میرا مشن تمام مسلم لیگیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے،

چودھری شجاعت حسین

پیر 14 اگست 2017 19:32

ہم قائداعظم کے پاکستان کو ان کے نظریات اور علامہ اقبال کے خوابوں کے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ہمیں وہی پاکستان چاہئے جو قائداعظم محمد علی جناح نے بنایا تھا، ہم قائداعظم کے پاکستان کو ان کے نظریات اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، میرا مشن تمام جماعتوں میں موجود مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنا ہے، وہ مسلم لیگ ہائوس میں یوم آزادی پر پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کے بعد اجتماع اور پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

چودھری شجاعت حسین نے پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، پاکستان پائندہ باد اور قائداعظم زندہ باہ کے نعرے لگائے۔ تقریب سے سینٹر کامل علی آغا اور صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیرالدین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ 70 سال بعد بھی پاکستان کی بنیادوں کو باہر اور اندر سے ہلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کا نوٹس لینا ہر پاکستانی کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں وہی پاکستان چاہئے جو قائداعظم محمد علی جناح نے بنایا تھا، ہم قائداعظم کے پاکستان کو ان کے نظریات اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافی میرے پرانے پیغام کو ہی دہرا دیں کہ پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ، کیونکہ آج کل یہ نعرہ نہیں لگتا، ہم بحیثیت قوم جن اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ ہم کلمہ لا الہ الا اللہ سے دور ہو رہے ہیں، ہمیں چاہئے کہ شخصی نعرے سے دور رہیں اور بحیثیت قوم یکجہتی کا پیغام دیں، آئندہ مسلم لیگ کے ہر اجلاس میں یہی نعرہ لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا مشن تمام جماعتوں میں موجود مسلم لیگی ذہن رکھنے والوں کو اکٹھا کرنا ہے۔ اس موقع پر چودھری شافع حسین، میاں منیر، خدیجہ فاروقی، عالمگیر ایڈووکیٹ، انجینئر شہزاد الٰہی، شیخ عمر، ذوالفقار پپن، رانا اسد منیر ایڈووکیٹ، شاداب جعفری، آمنہ الفت، ماجدہ زیدی، کنول نسیم سمیت خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔