ملاکنڈ کے پہاڑی علاقہ پلئی درہ میں جشن آزادی دھوم دھام سے منائی گئی

پیر 14 اگست 2017 18:56

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ملاکنڈ کے پہاڑی علاقے پلئی درہ میں بھی جشن آزادی دھوم دھام سے منائی گئی ۔ جشن آزادی کے سلسلے میں کرش سٹون پلانٹس یونین کے زیر اہتمام ایک پُر وقار تقریب منعقدہوئی جس میں منتخب نمائندوں ، صحافیوں ، علاقائی عمائدین اور کرش سٹون پلانٹس مالکان اور مذدوروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب سے یونین کے صدر حاجی نثار محمد ، منتخب بلدیاتی نمائندوں رشید حسن ، رحم بادشاہ ، سہراب خان ، تاج بادشاہ ، آیاز باچہ رحیم شاہ ، حاجی ممتاز خان اور پروفیسر عرفان خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد کے لازوال قربانیوں کا ثمر ہے جس کی تحفظ ،ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی مفت میں نہیں ملتی بلکہ طویل جدوجہد ،مالی و جانی قربانیوں اور ایک عظیم وژن کو سامنے رکھنے کے بعد آزادی عمل میں آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی اہمیت ان قوموں سے لگائی جاسکتی ہے جو غلامی کی زندگی گزاررہے ہیں اور ان پر مذہبی اور ثقافتی پابندیاں لگائی گئی ہیں ۔ اس موقع پر یونین کے صدر نثار محمد نے کرش پلانٹس میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندان کے لئے ایک لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لئے پچاس ہزار روپے دینے اور ساتھ ساتھ مساجد اور مدارس سمیت دیگر فلاحی اداروں کے لئے مفت کرش دینے کا اعلان کیا ۔