14 اگست یوم آزادی پر پاک فضائیہ کے ایئر شو میں پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب کے طیاروں نے خصوصی کرتب

آرمی ایوی ایشن کے دستے نے بھی شرکت، اسلام آباد کی فضائیں مختلف کرتبوں کے باعث سبز اور سفید رنگوں سے سج گئی پاکستان کی شان جے ایف 17تھنڈر نے شاندار مظاہرہ کیا سی 130طیاروں سے سے کمانڈوز کا زمین سے اترنے کا شاندار عملی مظاہرہ کرنے سمیت پاک فوج پوما ، ایم آئی 17اور آگسٹا ہیلی کاپٹروں نے بھرپور پیشہ ورانہ مظاہرے دکھائے تینوں مسلح افواج کے جوانوں نے فری فال جمپ کا خطرناک مظاہرہ بھی کیا جس سے شرکاء محو حیرت رہ گئے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو نیست و نابود ہونا پڑے گا ، صدر ممنون حسین ، اقتصادی راہداری کی تکمیل معاشی انقلاب کا ذریعہ بنے گی تاہم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے تعلیم اور احساس ذمہ داری کو اجاگر اور مشعل راہ بنانا ہوگا، تقریب سے خطاب یوم آزادی پر دہشتگردی کی جنگ میں ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کو نہیں بھولنا چاہیے ، سہیل امان اللہ کا بڑا فضل ہے کہ ہم نے دہشتگردی پرنمایاں حد تک کنٹرول کرلیا ہے، 14 اگست کا دن اس مملکت خداداد کے حصول کیلئے فقید المثال جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ہمارے شاہین آج بھی ملکی دفاع کے جذبے سے سرشار ہیں اور جے ایف 17 تھنڈر پاک فضائیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ایئر چیف

پیر 14 اگست 2017 18:29

14 اگست یوم آزادی پر پاک فضائیہ کے ایئر شو میں پاکستان ، ترکی اور سعودی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے کسی بھی جارحیت کی صورت میں دشمن کو نیست و نابود ہونا پڑے گا ، اقتصادی راہداری کی تکمیل معاشی انقلاب کا ذریعہ بنے گی تاہم ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے تعلیم اور احساس ذمہ داری کو اجاگر اور مشعل راہ بنانا ہوگا جبکہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو یاد رکھا جائے گا اور امن برباد کرنے والے شانہ عبرت بنا دیئے جائینگے ۔

صدر مملکت نے پیر کو یہاں پاک فضائیہ کے ایئر شو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن اس مملکت خداداد کے حصول کیلئے فقید المثال جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ہمارے شاہین آج بھی ملکی دفاع کے جذبے سے سرشار ہیں اور جے ایف 17 تھنڈر پاک فضائیہ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور 14اگست کو پاک فضائیہ کے کرتب پاک چین دوطرفہ تعاون کا شاہکار ہیں صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور کوئی اندرو نی و بیرونی جارحیت پاکستانیوں کے جذبوں پر اثر انداز نہیں ہوسکتی جس نے بھی جارحیت کی اس کو منہ توڑ جواب ملے گا ہماری افواج نے دشمنوں کی چالوں سے خود کو بچایا ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ملک کے اندر دہشتگردی شروع کی لیکن افواج پاکستان نے دہشتگردی کا خاتمہ کردیا ہے جس میں پاک فضائیہ کا کردار ناقابل فراموش ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی حالت میں گزشتہ چار سالوں میں خاطر خواہ بہتری آئی تاہم حقیقی معنوں میں ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لئے تعلیم اور احساس ذمہ داری کو اپنا مشعل راہ بنانا ہوگا تاکہ ملک میں مقاصد کیلئے معرض وجود میں آیا وہ حاصل ہوں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل اما ن نے کہا کہ آج کے ایئر شو میں ترکی اور سعودی عرب کے جہازوں نے بھی شرکت کی ہے اس کے علاوہ چین کے نائب وزیراعظم نے بھی یوم آزادی تقریبات میں شرکت کی جو کہ پوری قوم سمیت ہمارے لئے بھی باعث مسرت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اصولوں کی بنیاد پر کھڑا ہوا ہے اور اس میں پاکستان چین مشکل وقت میں دونوں ایک دوسرے کے ساتھ رہے ہیں سہیل امان نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا راستہ واحد تعلیم ہے تعلیم کے ذریعے ہم صحیح اور غلط راستے میں فرق سمجھ سکتے ہیں اللہ کا خاص کرم ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف پوری قوم متحد ہوئی اور پاک فضائیہ سمیت دوسری فورسز نے بھی دہشتگردوں کیخلاف قدم سے قدم ملا کر چلے جس سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی انہوں نے کہا کہ افغانستان میں 45ملک مل کر بھی امن نہیں لاسکے لیکن یہ اللہ کا ہمارے اوپر بڑا فضل ہے کہ ہم نے دہشتگردی پر نمایاں حد تک کنٹرول کرلیا ہے ۔

سہیل امان نے کہا کہ اس دہشتگردی کی جنگ میں 6500 سولجرز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور اس سے بھی زیادہ زخمی ہوکر معذور ہوگئے ہیں لیکن ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور دہشتگردی کیخلاف ان معذور غازیوں کو بھی یاد رکھنا ہے واضح رہے کہ ایف نائن پارک میں پاک فضائیہ کے ایئر شو میں پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب کے طیاروں نے خصوصی کرتب دکھائے جس میں آرمی ایوی ایشن کے دستے نے بھی شرکت کی اسلام آباد کی فضائیں مختلف کرتبوں کے باعث سبز اور سفید رنگوں سے سج گئی پاکستان کی شان جے ایف 17تھنڈر نے شاندار مظاہرہ کیا سی 130طیاروں سے سے کمانڈوز کا زمین سے اترنے کا شاندار عملی مظاہرہ کرنے سمیت پاک فوج پوما ، ایم آئی 17اور آگسٹا ہیلی کاپٹروں نے بھرپور پیشہ ورانہ مظاہرے دکھائے تینوں مسلح افواج کے جوانوں نے فری فال جمپ کا خطرناک مظاہرہ بھی کیا جس سے شرکاء محو حیرت رہ گئے سعودی عرب کے طیاروں نے فضا میں سعودی لوگو اور دل کی شکل بھی بنائی جسے شرکاء نے بہت پسند کیا اس موقع پر وزیر دفاع خرم دستگیر سمیت اعلیٰ سول و عسکری و غیر ملکی سفیروں نے بھی شرکت کی