پاکستان کی آزادی کے ستر سال بعد کافی ترقی ہوئی، ہمیں اپنی کوتاہیوں پر بھی غور کرنا ہوگا جن کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار رہا، حافظ حفیظ الرحمن

جشن آزادی میں تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوںکو شامل ہوناچاہئے، مثبت پالیسیاں جاری رہیں ، سمت درست ہو تو ترقی کے سفر سے ہمیںکوئی نہیں روک سکتا، تعلیم ترجیحات میں شامل ہے، سرکاری سکولوں میں مفت کتابیں فراہم کی گئی ہیں، وزیراعلی گلگت بلتستان

پیر 14 اگست 2017 18:11

پاکستان کی آزادی کے ستر سال بعد کافی ترقی ہوئی، ہمیں اپنی کوتاہیوں ..
گلگت بلتستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مملکت خداداد پاکستان کی آزادی کی70 سال بعد کافی ترقی ہوئی ہے لیکن ہمیں اپنی ان کوتاہیوں پر بھی غورکرنا ہوگا جن کی وجہ سے ملک مسائل کا شکار رہا ہمیں انفرادی اور اجتماعی طورپراپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنی ہونگی۔

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح جیسی خاتون کی بھی عزت نہیں کی ہے آزادی کے بعد 30 سال ضائع کئے گئے اقتدار کا کھیل اس طرح کھیلا جاتا ہے جس کی وجہ سے ترقی کا سفر رک جاتا ہے۔ اچھے حالات کیلئے برے حالات سے سبق سیکھنا لازمی ہے نوجوان نسل کو مخصوص سمت کی طرف مرکوز کیاجاتا ہے ترقی یافتہ ممالک میں بحث و مباحثے ہوتے ہیں تاکہ مثبت سوچ اور مثبت پالیسیوں کو فروغ دیاجاسکے۔

(جاری ہے)

1947ء میں جو پاکستان ہمیں ملا وہ بدقسمتی سے دولخت ہوا لیکن شاید ہم نے اس بڑے سانحے سے بھی سبق نہیں سیکھا آج جو پاکستان ہمارے پاس ہے ہمیں اس کی جغرافیائی، سرحدی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے فاطمہ جناح گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین گلگت میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیاں منانے کا حق صرف مڈل کلاس کا نہیں بلکہ مزدور، کسان اور تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوناچاہئے اگرمثبت پالیسیاں جاری رہیں اور سمت درست ہو تو ترقی سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ریاست ماں ہوتی ہے اور عوام کے ساتھ بچوں جیسا سلوک ہونے کا احساس ہونا چاہئے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ تعلیم ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائے جس کی وجہ سے مختصر مدت میں اداروں کی کارکردگی مثالی ہوئی ہے این ٹی ایس کے تحت اساتذہ کی بھرتیاں عمل میں لائی گئی ہیں سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والوں کو مفت کتابیں فراہم کردی گئی ہیں۔

محترم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق جدید تعلیم کی حصول کیلئے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں1400 ہونہار طالب علموں کو لیپ ٹاپ دیئے گئے ہیں گلگت بلتستان میں آج کوئی بھی ایسا طالب علم نہیں جو مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل نہیں کرسکتا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ صوبائی حکومت نے پالیسی بنائی ہے جس کے تحت بورڈ میں اعلیٰ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں صوبائی حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے جس پر آج عملدرآمد کیا جارہاہے کالجوں کی حالت میں بہتری آئی ہے ہمیں فخر ہے کہ آج بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں نے نجی سکولوں کے بجائے سرکاری سکولوں سے تعلیم حاصل کیا ہے گلگت بلتستان میں وومن یونیورسٹی کا قیام عمل میں لانے کیلئے کوشاں ہیں 14 اگست کو حقیقی معنوں میں منانے کا بہتر انداز یہ ہے کہ ہم علامہ اقبال اورقائد اعظم کے حقیقی پاکستان کیلئے اپنی ذمہ داریاں بطور احسن ادا کریں ۔

دنیا میں ان لوگوں کو یاد رکھا جاتا ہے جو انسانیت کی خدمت اوربھلائی کے کام کرتے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں وطن عزیز کی دفاع کیلئے سرحدوں پر ڈیوٹی دینے والے جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :