گورنر سندھ کی وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائدؒ پر حاضری

قومی پرچم لہرایا ، پھولوں کی چادر چڑھائی ،بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا کراچی ترقیاتی پیکیج کا مقصد انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے ،محمد زبیر/گورنر اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں ، وزیر اعلیٰ سندھ

پیر 14 اگست 2017 18:11

گورنر سندھ کی وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائدؒ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے ہمراہ یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اس موقع پر قومی پرچم لہرایا ، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی ۔

مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات میں گورنر سندھ نے تحریر کیا کہ عظیم رہنما بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کو مجھ سمیت پوری قوم زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے جن کی قیادت میں مسلمانوں نے اپنے لئے آزاد اور خود مختار وطن حاصل کیا ، قائد اعظم کے ؒ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی تمام مشکلات سے بخوبی نمٹا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی 70 ویں سالگرہ پر تمام پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں ، یہ بہت خوشی کا دن ہے، آج کے دن ہم 1947 ء کی تحریک آزادی کو یاد کرتے ہیں اور قائد اعظم محمد علی جناح ؒ اور ان کے ساتھیوں سمیت تحریک آزادی میں شامل ہر ایک کو زبردست قربانیاں دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میں اس گورنر ہائوس میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہاہوں جہاں قیام پاکستان کے بعد بابائے قوم محمد علی جناح ؒآئے تھے اور یہیں سے نئی ریاست کے لئے فیصلہ سازی ہوئی ، ہمیں عہد کرنا ہو گا کہ پاکستان کو مزید خوشحال بنانے کے لئے انتھک محنت کریں گے ، آج کا پاکستان 1947 ء کے پاکستان سے یکسر مختلف ہے ، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان بدل چکا ہے آئند برسوں میں اس سے بھی بہتر پاکستان دنیا کے سامنے نظر آئے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکج کا مقصد انفرااسٹرکچر کی ترقی و بحالی با الخصوص صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنر سندھ آئینی عہدہ ہے اورگورنر سندھ اپنا آئینی کردار ادا کررہے ہیں جو کہ ان کا حق ہے ۔اس موقع پر مسلم ممالک سمیت دیگر ممالک کے سفارت کار، چیف سیکریٹری سندھ اور عمائدین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی ۔مزار قائد پر بچوں نے قومی ترانے پیش کئے جنھیں گورنر سندھ نے بے حد سراہا اور فرداً فرداً قومی ترانہ پیش کرنے والے بچوں کو پیار کیا اور کچھ دیر ان سے گفتگو بھی کرتے رہے ۔