قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب

پیر 14 اگست 2017 18:08

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) ملک کے 70 ویں آزادی کے موقع پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، ان کے اہل خانہ، معروف شخصیات اور مقامی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر اور وزیراعظم کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر مشتاق علی شاہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد دی۔ پاکستان انٹرنیشنل سکول قاہرہ کے طلباء و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ مصر کے سرکاری اخبار نے اس موقع پر خصوصی اشاعت کا اہتمام بھی کیا تھا۔ بعد ازاں پاکستانی سفیر نے مصری ذرائع ابلاغ سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔