عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے ، عوام کی عدالت نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ مسترد کر دیا، رانا ثنا ء اللہ

پیر 14 اگست 2017 18:08

عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے ، عوام کی عدالت نے نواز شریف کی نااہلی ..
چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عوام کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے ، عوام کی عدالت نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے اور خیبر سے کراچی تک عوام کا ایک ہی نعرہ ہے نواز شریف لیڈر ہمارا ہے۔وہ بسم اللہ فارم ہائوسز کلر کہار کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

تقریب میں ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں، تاجروں اور عمائدین علاقہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پنجاب کے دوسرے بڑے تفریحی مقام کلر کہار کی خوبصورت وادیوں میں پانچ ارب کی لاگت سے اس علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا فارم ہائوسز منصوبہ شروع کیا گیا ہے اور اس منصوبے پر انتہائی تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔

منصوبے کے چیف ایگزیکٹو حاجی اخلاق احمد، ڈائریکٹر میاں عبدالرزاق کے علاوہ ایم پی اے ندیم سیتھی، ایم پی اے ماجد ظہور، صوبائی وزیر تعمیرات ملک تنویر اسلم سیتھی اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو حاجی اخلاق احمد نے اس موقع پر تحائف بھی تقسیم کیے۔ صوبائی وزیر قانون نے مزید کہاکہ میاں نواز شریف ملک کے منتخب اور مقبول ترین رہنما ہیں ، بہرحال سب لوگوں کو یہ بات سمجھ آگئی ہے کہ ایک بین الاقوامی سازش کے ذریعے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے میاں نواز شریف کا نااہل کیا گیا ہے۔