ضلع چکوال میں جشن آزادی ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا

پیر 14 اگست 2017 18:08

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) ضلع چکوال میں 70ویں جشن آزادی کی تقریبات ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منائی گئیں جشن آزادی کے سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس چکوال میں منعقد ہوئی۔جہاں پر سائرن بجا نے کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر،ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ ،رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے پرچم کشائی کی۔

چکوال پولیس ،ریسکیو1122اور مختلف سکولوں کے طلباء کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کیں۔تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان،ایم پی اے مہوش سلطانہ،چیئرمین ضلع کونسل ملک طارق اسلم ڈُھلی،وائس چیئرمین چوہدری خورشید بیگ،نوجوان لیگی راہنما چوہدری حیدر سلطان،ملک نعیم اصغر ،امیر خان ٹمن، مرکزی انجمن تاجران ضلع چکوال کے سرپرست اعلیٰ رضوان فاروقی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر،ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ،چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری سجاد احمد خان،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مختلف سکولوں کے طلبہ اور طالبات نے ملی نغمے ،ٹیبلو خاکے پیش کر کے شرکاء سے بھر پور داد وصول کی۔تقریب میں سپیشل سکول کے بچوں نے پیانو پر ملی نغمہ پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان نے تمام پارلیمنٹرین کے نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کے دوران کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف میاں نواز شریف کی طرف سے اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئو عہد کریں کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات ایک کر دینگے۔ نواز شریف عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے آئندہ بھی رہینگے۔ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو میاں نواز شریف کی قیادت میں مزید مضبوط تر بنائیں گے۔