پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کی فضائیہ کے شاندار اور فقید المثال فضائی کرتب

پیر 14 اگست 2017 18:01

پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کی فضائیہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر پیر کو یہاں فاطمہ جناح ایف نائن پارک میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کی فضائیہ نے شاندار اور فقید المثال فضائی کرتب دکھائے۔ فلائی پاسٹ کی تقریب کے مہمان خصوصی صدر ممنون حسین تھے جبکہ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، اعلیٰ فوجی حکام، سفارتکاروں اور بڑی تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی۔

فلائی پاسٹ کا آغاز پاکستان ایئر فورس کے پائلٹس نے کیا اور میراج طیاروں، ایس اے اے بی 2000 سمیت اگستا 139 ہیلی کاپٹروں نے بہترین فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اظہار یکجہتی کیلئے ترکی اور سعودی عرب کی ایئر فورسز کے خصوصی دستوں نے بھی فلائی پاسٹ میں شرکت کی اور فضائوں میں رنگ بکھیر دیئے۔

(جاری ہے)

ترکی کی فضائیہ کے ماہر ہوا بازوں نے ایف 16 طیاروں کے ذریعے اپنی مہارتوں کا ثبوت دیا جبکہ اس موقع پر 6 سعودی ہاکس طیاروں نے فضائی مظاہرہ کے ساتھ ساتھ انتہائی نیچی پرواز کرتے ہوئے صدر مملکت کو سلامی پیش کی۔

پاکستان ایئر فورس کے ایم 17 ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سپیشل سروسز گروپ کے اہلکاروں نے فضاء سے چھلانگیں بھی لگائیں جبکہ اس موقع پر پوما ہیلی کاپٹروں نے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ ان ہیلی کاپٹروں کو پاکستان ایئر فورس نے دہشت گردی اور امدادی کارروائیوں میں انتہائی موثر طور پر استعمال کیا ہے جبکہ پاکستان کا فخر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔

فضائی مظاہرے میں سپیشل سروسز گروپ کی شہباز، سی ایگل اور شلٹر ٹیموں نے اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور 180 کلو میٹر فی گھنٹہ سے لیکر 250 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر فری فال کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے میدان میں لگائے گئے نشان کے اوپر بالکل درست طور پر لینڈنگ کی۔ تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ اس موقع پر تقریب میں لوگوں نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اپنے قومی ہیروز کی کارکردگی کو بھرپور طریقے سے خراج تحسین پیش کیا۔