یوم آزادی پر ہم وطن کی ترقی کا عمل جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں،ملک سے دہشتگردی، لوڈ شیڈنگ اور جہالت کا خاتمہ کریں گے، پاکستان کو ایشیائی ٹائیگر اور اسلام کا قلعہ بنائیں گے

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کانیشنل انسٹیٹوٹ آف سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد میں خصوصی بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب

پیر 14 اگست 2017 17:54

یوم آزادی پر ہم وطن کی ترقی کا عمل جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں،ملک سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ 70 سالوں میں پاکستان نے اسلامی ممالک میں نمایاں مقام حاصل کیااور پاکستان واحد ایٹمی اسلامی ملک ہے،یوم آزادی پر ہم بھی یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن کی ترقی کا عمل جاری رکھیں گے،ملک سے دہشتگردی، لوڈ شیڈنگ اور جہالت کا خاتمہ کریں گے، بچوں کے ملک کیلئے جذبات کو سلام پیش کرتے ہیں،ہم بھی انہی جذبات کے ساتھ ملکی نظام کو درست کرنے کے لئے کام کریں گے۔

پاکستان کو ایشیائی ٹائیگر اور اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل انسٹیٹوٹ آف سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد میں خصوصی بچوں کے ساتھ جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے خصوصی بچوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور جشن آزادی کا کیک کاٹا۔خصوصی بچوں نے قومی ترانے اور ملی نغموں پر اشاروں کی زبان میں پرفارم کیا۔

تقریب میں کیڈ کے دیگر تعلیمی اداروں سے آئے طلباء و طالبات نے بھی پرفارم کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ ملک کے 70ویں یوم آزادی کو خصوصی بچوں کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا،بصارت سے محروم بچے ملی نغمے میں یہ عہد کر رہے ہیں کہ وطن سے اندھیرے مٹا ئیں گے۔ ہمارے بھی ایسے جذبات ہونے چاہیئیں۔ ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ 70 سالوں میں پاکستان نے اسلامی ممالک میں نمایاں مقام حاصل کیا اور پاکستان واحد ایٹمی اسلامی ملک ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم بھی یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن کی ترقی کا عمل جاری رکھیں گے۔ اورملک سے دہشتگردی، لوڈ شیڈنگ اور جہالت کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تعلیمی ریفارمز پروگرام تیزی سے جاری ہیں اورساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے خصوصی بچوں کو پانچ بسیں فراہم کی گئی ہیں،دس کروڑ روپے کی لاگت سے خصوصی تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا آغاز ہو چکا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو تمام ملک کیلئے ماڈل بنائیں گے۔تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ داخلوں کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ملک کیلئے جذبات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہم بھی انہی جذبات کے ساتھ ملکی نظام کو درست کرنے کے لئے کام کریں گے اور پاکستان کو ایشیائی ٹائیگر اور اسلام کا قلعہ بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :