سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں وطن عزیز کی70ویں جشن آزادی کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

پیر 14 اگست 2017 17:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2017ء) محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر کمپلیکس میں وطن عزیز کی70ویں جشن آزادی کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں گہوارہ،دارلفلاح، دارالامان، عافیت، کاشانہ، چمن اور صنعت زار سے سینکڑوں بچوں، بزرگوں اور بے سہارا خواتین نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر وحید اختر انصاری تھے۔

خصوصی بچوں نے اپنے گیتوں اور ملی نغموں سے محفل کو گرمایا ۔ بچیوں نے خوبصورت ٹیبلوز ،علاقائی رقص اور جشن آزادی کے حوالے سے دلچسپ خاکے پیش کئے۔ عافیت کے مقیم بزرگوں نے بچوں کو پاکستانی کی کہانیاں سُنائیں اور اُنھیں آزادی کی قدرو قیمت سے آگاہ کرتے ہوئے ملک کی حفاظت کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

دارلفلاح اور دارالامان کی خواتین نے اپنے دُکھ بھلا کر بچوں کے ساتھ ملکر آزادی کا جشن منایا۔

اس موقع پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وحید اختر انصاری نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اس کی حفاظت اس کی تزئین و آرائش اور اس کا استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ ضروری ہے کہ ہم سب لوگ اپنے انفرادی مفادات کو بھلا کر پاکستان کے مفاد کے لیے کام کریں بچے دل لگا کر پڑھیں، بڑے اور جوان اپنے اپنے شعبہ میں ایمانداری سے کام کریں ، خواتین بچوں کی تربیت اور گھریلو معاملات اور قومی ذمہ داریوں کو احسن طور پر پورا کریں غرضیکہ ہم سب ملکر وطن عزیز کو امن اور خوشیوں کا گہوارہ بنائیں اور دہشت گردی کی غرض سے ہمارے ہی درمیان چھپ کے بیٹھے دشمنوں کے ناپاک عزائم کی حوصلہ شکنی کریں۔

تعلیم حاصل کریں اور اپنے ہنر سے وطن کی ترقی میں حصہ لیں ۔ڈائریکٹر لاہور فیضان نعیم نے کمپلیکس کے لاوارث مکینوں کو جشن آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چودہ اگست کا دن اپنے تمام دکھ بھلا کر آزادی کی خوشی منانے کا دن ہے یہ دن وطن سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا دن ہے اس لیے آج ہم سب کو ملکر ایک بار پھر یہ عہد دہرانا ہے کہ ہم سب ہمیشہ اپنے وطن کی خاطر امن دشمن عناصر کو شکست دیتے رہیں گے اور اپنی آزادی کی حفاظت کریں گے۔

وحید اختر انصاری اور فیضان نعیم نے محکمہ سوشل ویلفیئر کے تمام جونیئر و سینیئر افسران اور دیگر عملہ کو 7اگست سے 14اگست تک جشن آزادی کی تقریبات کا کامیابی کے ساتھ اہتمام کرنے پر مبارکباد پیش کی اور اُن کی کارکردگی کو سراہا۔ آخر میں گہوارہ اور عافیت کے بچوں نے مہمان خصوصی کے ساتھ ملکر ملی نغموں کی گونج میں پاکستان کی 70ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا۔