امریکہ اور فرانس کے صدور کی شمالی کوریا کے حوالے سے ٹیلیفون پر گفتگو

پیر 14 اگست 2017 15:28

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2017ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے جزیرہ نما کوریا کی صورت حال سے متعلق ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا اور اس کی جانب سے متعدد بار اشتعال انگیز اقدامات کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔

گفتگو میں دونوں صدور نے گزشتہ ہفتہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منظور کی جانے والی قرارداد پر مکمل عمل درآمد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس قرارداد کے ذریعے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ شمالی کوریا کی جوہری اور میزائل ترقی کو روکنے کے لیے امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور فوجی اعتبار سے تیار ہے۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اٴْن کو خبردار کیا ہے کہ گوام کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچنے کی صورت میں شمالی کوریا کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔شمالی کوریا کا قبل ازیں کہنا تھا کہ وہ بحرالکاہل میں امریکی جزیرے گوام کے پانیوں میں میزائل داغنے پر غور کر رہا ہے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جِن پِنگ سے بھی شمالی کوریا کے معاملے پر ٹیلیفون پر بات کی ہے۔

متعلقہ عنوان :