کوئٹہ میں فوجی بس پر خودکش حملہ قابل مذمت ، سیکورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ملک دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، ریاض حسین شاہ

پیر 14 اگست 2017 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اگست2017ء) جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں فوجی بس پر خودکش حملہ قابل مذمت ہے۔ سیکورٹی فورسز پر حملے کرنے والے ملک دشمنوں کے ایجنٹ ہیں۔ قوم کو پاک فوج کی بے مثال قربانیوں پر فخر ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج کے جوان اور افسر ناموس ارض وطن کے تحفظ کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کا صفایا کرنے کے لئے قابل فخر کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا ہے۔ علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا ہے کہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں افغانستان میں قائم بھارتی قونصل خانے ملوث ہیں۔ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہے۔ دفاع وطن کے لئے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کوئٹہ دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ پوری قوم شہداء کے ورثا کے دکھ میں شریک ہے۔