پاکستان اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 14 اگست 2017 01:12

پاکستان اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہمیں کوئی شکست نہیں دے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13اگست۔2017ء) آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ اور رسول ﷺ کے نام پر حاصل کیا گیا ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا، پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، جس طرح آج یہ پرچم بلند ہوا ایسے ہی پاکستان بھی  ترقی کرے گا۔واہگہ بارڈر پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آج الحمداللہ  پاکستان ایک مضبوط ملک ہے جو دن بہ دن ترقی کر رہا ہے، آج پاکستان کا ہرادارہ ایمانداری سے کام کررہا ہے اور ہم آئین و قانون کے اصل راستے پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کارگل کا معرکہ ہو یا دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو ہم نے بہت قربانیاں دیں، آج جو چراغ یہاں جل رہے اُن میں شہیدوں کا لہو شامل ہے اور یہ ہم پر قرض بھی ہے۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک کے کونے کونے سے ڈھونڈ کر ختم کریں گے، پاکستان کے دشمن مغرب یا مشرق میں کہیں بھی ہوں سُن لیں ہم ہوشیار اور ہر سازش سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے مگر پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، دنیا کے کسی ملک میں ایسی طاقت نہیں کہ پاکستان کی طرف غلط نظر اٹھا کر دیکھے اور اگر کسی نے یہ کرنے کی کوشش کی تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں گے۔