آزادی کا دن ہمیں علامہ اقبال کے عظیم خواب، قائداعظم محمد علی جناح کے پختہ ارادے اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے

اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کا آزادی کے سفر کے 70سال مکمل ہونے پر پیغام

اتوار 13 اگست 2017 23:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2017ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے آزادی کے سفر کے 70سال مکمل ہونے پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 14اگست 1947ء کا دن ہمیں مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کے عظیم خواب، قائداعظم محمد علی جناح کے پختہ ارادے اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے ایک آزاد پاکستان کے حصول کے لئے دیں تاکہ ہر فرقہ و طبقہ اپنے عقیدے اور ثقافتی روایات کے مطابق اس ملک میں زندگی بسر کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی یوم آزادی ایک نئے جوش وولولہ کے ساتھ منارہے ہیں اور ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ ہمارا یہ جوش وولولہ آنے والے دنوں میں ہمارے لیے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کا رستہ ہموار کریگا، انہوں نے کہا کہ آزاد پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے ناصرف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلکہ لاکھوں افراد آزادی کی خاطر بے گھر بھی ہوئے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بزرگوں کی ان عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریںاور یہ اسی وقت ممکن ہے کہ جب ہم اپنے بزرگوں کے اپنائے ہوئے اصولوں اور قربانیوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے اس پر عمل پیرا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے ملک کو سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی کا ہے جس سے ہماری آزادی اور بقاء کو خطرہ لاحق ہے اور ہمیں اس چیلنج سے نمرد آزما ہونے کے لیے اپنے اندر اتحاد و اتفاق اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت نے قائد اعظم کے پاکستان کی ترقی کی راہ میں حائل دہشت گردی اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود اپنے پختہ عزم اور عوام کی پرجوش حمایت کی بدولت ملک کو بحران سے نکال کر دنیا کے ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں شامل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے عزم و استقلال کا یہ سفر انشاء اللہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنی آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے یک جان ہو کر اپنے ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔